آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے عید الفطر کی نماز پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں ادا کی۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے عید الفطر کی نماز پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں ادا کی۔
آئی جی پنجاب نے یاد گار شہداء پولیس پر پھولوں کی چادر چڑھائی، شہداء کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
آئی جی پنجاب نے سپاہ کے ساتھ کھانا تناول کیا، پولیس لائنز میں خدمات سر انجام دینے والے ملازمین میں عیدی تقسیم کی اور لاہور پولیس میوزیکل بینڈ ممبران کو نقد انعام بھی دیا
شہریوں کے تحفظ، مجرمان کی بیخ کنی اور امن و امان کے قیام کیلئے لاہور پولیس کی قربانیاں پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہیں۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں ہونے والے نماز عید اجتماعات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی ہے. انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں نے اپنی اور اہلخانہ کی خوشیوں کو پس پشت ڈال کر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے عید کا دن بھی ڈیوٹی کرتے ہوئے فیلڈ میں گذارا ہے تاکہ شہری پر امن ماحول میں عید کے لمحات اور خوشیاں مناسکیں۔ انہوں نے کہا کہ فرائض کی بہترین ادائیگی پر صوبے کے تمام سپروائزری افسران، دفاتر میں متعین اور فیلڈ سٹاف داد و تحسین کے مستحق ہیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں اسی لئے پنجاب پولیس کے افسران نے عید الفطر پر اپنے شہداء کی قبروں اور گھروں میں جا کر انکے اہل خانہ کو یہ پیغام دیا ہے کہ ادارہ عید کے پر مسرت لمحات میں انکے شانہ بشانہ ہے اور خوشی یا غمی کے کسی موقع پر انہیں ہرگز اکیلا نہیں چھوڑے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، مجرمان کی بیخ کنی اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے میں لاہور پولیس کی قربانیاں کسی تعارف کی محتاج نہیں اور عید کے روز میں لاہور و پنجاب پولیس کے شہداء اور غازیوں کو شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور پولیس کے افسران و جوانوں کے ساتھ نماز عید الفطر کی ادائیگی کے بعد افسران و اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نماز عید کے بعد ملکی تعمیر و ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں یاد گار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھا کر شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام شہداء کی فیملیز کو محکمے کی جانب سے عید گفٹس بھجوائے گئے ہیں اور مستقبل میں بھی انکی ضروریات کا خیال ترجیحی بنیادوں پر رکھا جائے گا۔  آئی جی پنجاب نے یاداشت کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے اور نماز عید کے بعد اپنی سپاہ کے ساتھ کھانا بھی تناول کیا، آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس میوزیکل بینڈ انچارج سے ملاقات میں بینڈ کی کارکردگی کی تعریف کی اور بینڈ ممبران کے نقد انعام دیا۔ انہوں نے پولیس لائنز کے ملازمین میں عیدی بھی تقسیم کی۔۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جیز فاروق مظہر، غلام محمود ڈوگر، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی ائی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان،ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان، سی ٹی او منتظر مہدی، ریٹائرڈ اعلٰی پولیس افسران ایس ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر  افسران واہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(ہینڈ آؤٹ 229 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

Press Release Date: 
Thursday, May 5, 2022