عید الفطر پر بہترین ڈیوٹی سر انجام دینے پر آئی جی کی تمام افسروں واہلکاروں کو شاباش

May 06, 2022

لاہور۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے عید الفطر پر صوبے کے تمام اضلاع میں مساجد، امام بارگاہوں، اقلیتی عبادت گاہوں سمیت کھلے مقامات پر ہونے والے عید اجتماعات کے بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر پوری فورس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ فورس کے نام جاری پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پنجاب پولیس نے عید الفطر پر بہترین ڈیوٹی سر انجام دی ہے جس پر میں کانسٹیبل سے لے کر ایڈیشنل آئی جی رینک تک تمام افسران و اہلکاروں کو فرائض کی بہترین ادائیگی پر شاباش دیتا ہوں جن کی ان تھک محنت اورفرض شناسی سے صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رہی۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ صوبہ بھر میں 24743  مساجد، امام بارگاہوں اور 782 کھلے مقامات پر عید اجتماعات کے سکیورٹی فرائض 43427 سے زائد پولیس افسران و اہلکار اور رضا کاروں نے ہائی الرٹ ہوکر پوری جانفشانی سے سر انجام دئیے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، آئی ٹی برانچ، ٹریفک پولیس، سیف سٹی اتھارٹی سمیت تمام شعبوں میں متعین افسران و اہلکاروں نے عید الفطر کی بہترین ڈیوٹی سر انجام دی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس ٹیمیں مستقبل میں بھی اسی طرز پر فرائض کی بہترین ادائیگی سے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر چاند رات اور عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے صوبہ بھر میں جامع حکمت عملی کے تحت سپیشل کریک ڈاؤن جاری رہا اور صوبہ بھر میں سینکڑوں قانون شکنوں کو پابند سلاسل کیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے اور ون ویلنگ میں ملوث قانون شکن افراد کو قانون کی گرفت میں لایا گیا جبکہ صوبے کے تمام تفریحی مقامات کو بھی فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی۔

(روزنامہ اوصاف)

 

**********