رواں برس: ہوائی فائرنگ ، ون ویلنگ پر 2883 افراد گرفتار

May 03, 2022

لاہور ۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے سخت کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں چاند رات پر ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کاروائیاں کی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر بڑے شہروں میں چاند رات پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور ون ویلنگ جیسے خونی اور خطرناک کھیلوں میں ملوث افراد کسی رعائیت کے مستحق نہیں، ان خطرناک سرگرمیوں میں ملوث افراد دوسرے شہریوں کی زندگیاں خطرات میں ڈالنے کا باعث بنتے ہیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ شہری ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور ون ویلنگ کرنے والوں کی 15 پر اطلاع کریں تاکہ قانون شکنوں کے خلاف کاروائیوں میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ آئی جی پنجاب نے والدین اور سول سوسائٹی سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں غیر قانونی کاموں کا حصہ ہرگز نہ بننے دیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پولیس صوبہ بھر میں ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف ان ایکشن ہے اور رواں برس صوبہ بھر میں ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف مجموعی طور پر 3055 مقدمات درج کرتے ہوئے 2883 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبہ بھر میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف 1420 مقدمات درج، 1939 افراد کو گرفتار کیا گیا اسی طرح ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف 859 مقدمات درج جبکہ 944 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف 776 مقدمات درج کئے گئے۔ لائسنس یافتہ ہتھیاروں کی نمائش کرنے پر 8 ہتھیاروں کے لائسنس منسوخ کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو کیسز بھیجے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف 469 مقدمات درج اور 522 افراد گرفتار کئے گئے۔ لاہور میں ون ویلنگ کے 654 مقدمات درج اور 681 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ لاہور میں اسلحہ کی نمائش کے کرنے والوں کے خلاف بھی متعدد مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

(روزنامہ دنیا)

 

***********