چاند رات اور عید الفطر کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد

چاند رات اور عید الفطر کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی زیر صدارت منعقدہ کانفرنس میں صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت
آئی جی پنجاب کی امن و امان کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر پولیس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت
چاند رات پر ہوائی فائرنگ کے واقعات پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی اور زیرو ٹالرینس اپنائی جائے۔ آئی جی پنجاب
تمام آر پی اوزاور ڈی پی اوز اپنے اپنے اضلاع میں عیداجتماعات کے سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب
 عید کی چھٹیوں میں تفریحی مقامات، پبلک پارکس، مصروف شاہرات اور شاپنگ پلازوں کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ راؤ سردار علی خان
عید کی خوشیوں میں شہداء کی فیملیز کو لازمی شریک کریں، انکے گھروں میں تحائف اور عیدی بھجوائی جائے۔ راؤ سردار علی خان  

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ چاند رات اور عید الفطر پر امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے صوبہ بھر میں حساس مساجد، امام بارگاہوں، کھلے اجتماعات پر ہونے والے عید اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکرہر ممکن سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بناجایا جائے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ حساس مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات کی سیکیورٹی کیلئے چھتوں پر سنائپرز کی تعیناتی کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی واک تھرو گیٹس، میٹل ڈٹیکٹرز سے چیکنگ اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سے لازمی انتظام کیا جائے جبکہ آر پی اوزاور ڈی پی اوز اپنے اپنے اضلاع میں عید الفطر کے سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔ راؤ سردار علی خان نے امن و امان کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ ضلعی پولیس کی ٹیمیں اور سپیشلائزڈ فیلڈ فارمیشنز آپس میں کلواز کوارڈی نیشن سے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت اورسکیورٹی کیلئے عید کی چھٹیوں میں تفریحی مقامات، پبلک پارکس، مصروف شاہرات اور شاپنگ پلازوں کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں جبکہ غیر ملکی شہریوں بالخصوص چینی ماہرین و شہریوں، اہم تنصیبات اور اقلیتی مذہبی مقامات پر سکیورٹی ہائی الرٹ کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو ہدایت کی کہ عید تہوار کی مناسبت سے شاہرات پر ٹریفک کے اضافی لوڈ کے پیش نظر خصوصی اقدامات کیے جائیں جبکہ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں، بین الصوبائی بارڈرز پر سخت چیکنگ اور رات کے اوقات میں پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔راؤ سردار علی خان نے کہاکہ عید کی چھٹیوں میں مری میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور زائد گاڑیوں کے داخلے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑت۔ آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات آج سنٹرل پولیس آفس میں عید الفطر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس میں افسران کو جاری کیں۔ کانفرنس میں چاند رات اور عید الفطر کے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پنجاب کو عید سیکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس پر آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ چاند رات پر ہوائی فائرنگ کے واقعات سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی اور زیرو ٹالرینس اپنائی جائے اورقانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ ڈور پھرنے کے واقعات ناقابل برداشت ہیں لہذا پتنگ بازی اور ون ویلنگ کے واقعات پربھی زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے  اور دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری، خریدو فروخت اور استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید موثر بنایا جا ئے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ منشیات خصوصا ماڈرن منشیات آئس اور شیشہ کی خرید و فروخت اور استعمال میں ملوث افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے جبکہ اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروران کی گرفتاری اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے خلاف جاری خصوصی مہم کو مزید موثر بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ افسران عید کی چھٹیوں میں خود فیلڈ میں نظر آئیں اور حساس مقامات کی سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ عید کی خوشیوں میں شہداء کی فیملیز کو لازمی شریک کیا جائے اورپنجاب پولیس کے ہر شہید کے گھر میں تحائف اور عیدی بھجوائی جائے۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جیز، سی سی پی او لاہور،ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

(ہینڈ آؤٹ 222 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

Press Release Date: 
Friday, April 29, 2022