ٹاپ پوزیشن ہولڈرزپولیس ملازمین کے بچوں میں انعامات تقسیم

Apr 28, 2022

ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب، عبدالغفار قیصرانی نے کہاہے کہ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کے ویژن کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کی ویلفیئر اور تعلیمی سکالرشپس کی فراہمی کیلئے نئی ویلفیئر پالیسی2022کے تحت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے تعلیمی میدان میں ٹاپ پوزیشنز حاصل کرنے والے پولیس ملازمین کے بچوں کی حوصلہ افزائی احسن اقدام ہے جس سے ان بچوں کوآئندہ امتحانات مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا جذبہ اور تحریک ملے گی۔ عبدالغفار قیصرانی نے کہاکہ پنجاب پولیس کا شعبہ ویلفیئردستیاب وسائل میں رہتے ہوئے پولیس ملازمین کے بچوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کیلئے مصروف عمل ہے اور رواں برس بھی میرٹ کے مطابق پولیس ملازمین کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی وظائف فراہم کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ا ٓج نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تعاون سے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق کالج، یونیورسٹی اور بورڈ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے پولیس ملازمین کے بچوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے گذشتہ تین برسوں میں تعلیمی امتحانات میں ٹاپ تھری پوزیشن لینے والے 11 طلبا و طالبات کی انعامات سے حوصلہ افزائی کی۔نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈائریکٹر ویلفیئرنیشنل پولیس فاؤنڈیشن ڈی آئی جی کیپٹن (ر) عطا محمد اور ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب عبدالغفار قیصرانی نے انعامات تقسیم کئے۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں میٹرک، ایف اے اور ایف ایس سی کے چار، بی ایس سی کے پانچ اور ماسٹر لیول کے دو طالبعلم شامل ہیں۔ 3طلبا کو موٹر سائیکلیں جبکہ 8 طلبا و طالبات کوجدید لیپ ٹاپس دئیے گئے ہیں۔

(روزنامہ ایکسپریس)

 

***********