کالج، یونیورسٹی اور بورڈ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے پولیس ملازمین کے بچوں کے اعزاز میں سی پی او میں تقریب

کالج، یونیورسٹی اور بورڈ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے پولیس ملازمین کے بچوں کے اعزاز میں سی پی او میں تقریب
نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقدہ تقریب میں پوزیشن ہولڈرز11 طلبا و طالبات کولیپ ٹاپس اور موٹر سائیکل دئیے گئے۔
 ڈائریکٹر ویلفیئرنیشنل پولیس فاؤنڈیشن ڈی آئی جی کیپٹن (ر) عطا محمد اور ڈی آئی جی ویلفیئر عبدالغفار قیصرانی نے انعامات تقسیم کئے۔
 پولیس ملازمین کے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات بچوں کی حوصلہ افزائی ایک احسن اقدام ہے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر عبدالغفار قیصرانی
اس اقدام سے دیگر ملازمین کے بچوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کا جذبہ پیدا ہوگا۔ ڈائریکٹر ویلفیئر(NPF) ڈی آئی جی کیپٹن (ر) عطا محمد

ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب، عبدالغفار قیصرانی نے کہاہے کہ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کے ویژن کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کی ویلفیئر اور تعلیمی سکالرشپس کی فراہمی کیلئے نئی ویلفیئر پالیسی2022کے تحت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے تعلیمی میدان میں ٹاپ پوزیشنز حاصل کرنے والے پولیس ملازمین کے بچوں کی حوصلہ افزائی احسن اقدام ہے جس سے ان بچوں کوآئندہ امتحانات مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا جذبہ اور تحریک ملے گی۔ عبدالغفار قیصرانی نے کہاکہ پنجاب پولیس کا شعبہ ویلفیئردستیاب وسائل میں رہتے ہوئے پولیس ملازمین کے بچوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کیلئے مصروف عمل ہے اور رواں برس بھی میرٹ کے مطابق پولیس ملازمین کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی وظائف فراہم کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ا ٓج نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تعاون سے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق کالج، یونیورسٹی اور بورڈ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے پولیس ملازمین کے بچوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے گذشتہ تین برسوں میں تعلیمی امتحانات میں ٹاپ تھری پوزیشن لینے والے 11 طلبا و طالبات کی انعامات سے حوصلہ افزائی کی۔نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈائریکٹر ویلفیئرنیشنل پولیس فاؤنڈیشن ڈی آئی جی کیپٹن (ر) عطا محمد اور ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب عبدالغفار قیصرانی نے انعامات تقسیم کئے۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں میٹرک، ایف اے اور ایف ایس سی کے چار، بی ایس سی کے پانچ اور ماسٹر لیول کے دو طالبعلم شامل ہیں۔ 3طلبا کو موٹر سائیکلیں جبکہ 8 طلبا و طالبات کوجدید لیپ ٹاپس دئیے گئے ہیں۔ تمام طلبا و طالبات نے گذشتہ تین برسوں میں کالج، یونیورسٹی اور بورڈ امتحانات میں ٹاپ پوزیشنز حاصل کر رکھی ہیں۔ ڈائریکٹر ویلفیئرنیشنل پولیس فاؤنڈیشن ڈی آئی جی کیپٹن (ر) عطا محمد نے انعامات حاصل کرنے والے طلباو طالبات کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن اپنے پلیٹ فارم سے مزید اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ ڈی آئی جی ویلفیئر عبدالغفار قیصرانی نے پولیس ملازمین کے بچوں کی حوصلہ افزائی پر نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ انعامات حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں حریم رضا، فاطمہ شفاقت، شاجل شادیہ،محمد بابر نثار، محراب خان، سمیرا رامے،ثاقب اشفاق، ملائیکہ رفیق، مسکان جاوید، عون آفتاب اور فرحت عزیز شامل ہیں۔ تمام طلباو طالبات نے حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ امتحانات میں مزید لگن اور دلجمعی کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

(ہینڈ آؤٹ 218 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Wednesday, April 27, 2022