شہدا کے خاندانوں کو عید گفٹ دیئے جائیں:آئی جی

Apr 27, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے فریضے کے دوران جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر شہداء محکمہ کے ماتھے کا جھومر ہیں جن کے اہل خانہ کو خوشی و غمی کے کسی موقع پر پنجاب پولیس تنہا نہیں چھوڑے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ آر پی اوز، ڈی پی اوز شہداء کی فیملیز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ عید الفطر کے موقع پرصوبے کے تمام اضلاع میں شہداء کی فیملیز کو محکمہ کی جانب سے عید گفٹ فراہم کئے جائیں اور سینئر افسران عید کے موقع پر شہداء کے گھروں میں جاکر ان سے اظہار یک جہتی کریں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ پنجاب پولیس ایک خاندان کی مانند ہے اور بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہداء کی فیملیز کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ڈی آئی جی ویلفیئر عبدالغفار قیصرانی نے تمام اضلاع میں شہداء کی فیملیز کو محکمہ کی جانب سے عیدی بھیجنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ آرپی اوز، ڈی پی اوز کو بھجوائے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں شہداء کی فیملیز کو کیش رقم کے ساتھ ساتھ عید گفٹس دئیے جائیں اور ہر ضلع میں سینئر افسران شہید کے گھر جاکر خود اہل خانہ کو محکمہ کی جانب سے عید تحائف دیں گے۔ مراسلے میں مزیدکہا گیا ہے کہ عید الفطر کے روزسی سی پی اوسمیت تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز دو شہداء کے گھر وں میں جاکر اہل خانہ سے ملاقات بھی کریں گے اور عیدی گفٹس کی تقسیم کے بعد تفصیلی رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے۔

(روزنامہ 92)

************