یوم حضرت علی ؓ پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات پر آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی پولیس فورس کو شاباش

Apr 24, 2022

 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے صوبہ بھر میں یوم حضرت علی ؓ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے پر پولیس فورس کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ٹیموں نے تمام اضلاع میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کے بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے اور سپروائزری افسران کے ساتھ ساتھ اہلکاروں، ٹریفک وارڈنز اور لیڈی اہلکاروں نے بھی عوامی خدمت کے جذبے سے فرائض ادا کئے جس پر پوری پولیس فورس شاباش کی مستحق ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ ہر چیلنج کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام علمائے دین، امن کمیٹیوں اور شہریوں کا بھی مشکور ہوں جن کا تعاون پنجاب پولیس کو حاصل رہا اور پولیس ٹیموں، قومی رضاکاروں اور والنٹئیرز کی بھرپور محنت اور فرض شناسی سے صوبہ بھر میں کسی جگہ ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم حضرت علی ؓ کے موقع پر صوبہ بھر میں 868 مجالس اور 234 جلوسوں کے سکیورٹی کے فرائض 33000 سے زائد اہلکاروں نے سر انجام دئیے ہیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ انتہائی اہم مذہبی ایونٹ پر سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور انکی ٹیم سمیت تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، ٹریفک پولیس، سیف سٹی اتھارٹی، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں میرے افسران و اہلکار اسی جذبے اور فرض شناسی کے ساتھ مستقبل میں بھی فرائض ادا کریں گے اور عوام کی خدمت اور حفاظت کے فریضے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس ٹیموں نے روضے کے حالت میں فرائض سر انجام دئیے اور عزاداری جلوسوں اور  مجالس کی ٹیم ورک کے ذریعے کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کا مورال بلند رہا، کردار قابلِ ستائش ہے۔ ٹریفک کے بہترین انتظامات پر سی ٹی او لاہور سمیت تمام ڈسٹرکٹ ٹریفک ٹیمیں شاباش کی مستحق ہیں۔

(روزنامہ ایکسپریس)

**********