آئی جی پنجاب کے حکم پر معتکفین اور رمضان المبارک کے آخری عشرے میں سکیورٹی انتظامات بارے ہدایات جاری۔

آئی جی پنجاب کے حکم پر معتکفین اور رمضان المبارک کے آخری عشرے میں سکیورٹی انتظامات بارے ہدایات جاری۔
اعتکاف میں بیٹھنے والے تمام شہریوں کے کوائف کو چیک کیا جائے۔ راؤ سردار علی خان
جن مساجد اور مقامات پر شہری اعتکاف کر رہے ہیں انکی سکیورٹی کیلئے سپیشل پلان اورخصوصی اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب
آخری عشرے میں طاق راتوں اور لیلتہ القدر کی سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب
ایسی کالعدم تنظیمیں جن پر زکوٰۃ اور چندہ اکٹھا کرنے پر محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پابندی عائد ہے اس پرسختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ آئی جی پنجاب
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مارکیٹوں، بینکوں اور عوامی مقامات کی سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خا ن نے صوبے کے تمام اضلاع میں اعتکاف بیٹھنے والے شہریوں کے تحفظ اور رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد، امام بارگاہوں اور عوامی مقامات کے سکیورٹی انتظامات کومزید موثر بنانے کیلئے احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی ہے کہ مساجداور دیگر مقامات پر اعتکاف بیٹھنے والے شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پلان ترتیب دیتے ہوئے سکیورٹی انتظامات میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ عوامی مقامات پر اعتکاف میں بیٹھنے والے تمام شہریوں کے کوائف کولازمی چیک کیا جائے جبکہ شرپسند عناصر کی شناخت اور معتکفین کی سکیورٹی کیلئے مساجد انتظامیہ کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن رکھی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مذہبی طاق راتوں بالخصوص لیلتہ القدر کے اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور حساس مساجد اور امام بارگاہوں میں خواتین نمازیوں و معتکفین کی سکیورٹی کیلئے لیڈی اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے۔راؤ سردار علی خان نے کہاکہ حساس مساجد و امام بارگاہوں کے مرکزی داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں اور مکمل جامہ تلاشی کے بعد شہریوں کو داخل ہونے دیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی انتظامات موثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اے کیٹیگری کے مذہبی و عوامی مقامات کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں کے ارد گرد پٹرولنگ ٹیموں کی تعدادمیں اضافہ کرتے ہوئے موثر پٹرولنگ اور ناکہ بندی کوہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ نقص امن کا کوئی خطرہ پیش نہ آسکے۔
آئی جی پنجاب نے سپروائزری افسران کو ہدایات دیتے ہوئے مزیدکہاکہ ایسی کالعدم تنظیمیں جن پر زکوٰۃ اور چندہ اکٹھا کرنے پر محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پابندی لگائی گئی اس پرسختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ سینئر افسران خود فیلڈ میں نکل کرحساس مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور بڑی مساجد و امام بارگاہوں میں نمازیوں کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ویڈیو ریکارڈنگ کے بیک اپ کا لازمی انتظام رکھا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مارکیٹوں، بینکوں اور عوامی مقامات کی سکیورٹی کیلئے خصوصی پلان کے تحت ہرممکن اقدامات کئے جائیں تاکہ سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ نہ ہوسکے۔

(ہینڈ آؤٹ 212 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

Press Release Date: 
Thursday, April 21, 2022