انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث اسمگلرز، ڈیلرز اور استعمال کنندگان کے خلاف پولیس ٹیموں کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں ماڈرن نشہ آور منشیات شیشہ، آئس، چرس، ہیروئن اور شراب کی خریدو فروخت و استعمال پر خصوصی آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز میں منشیات کے استعمال اور فروحت کی روک تھام اور مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیزکیا جائے اور نوجوان نسل کو اس زہر کی جانب راغب کرنے والے سماج دشمن عناصر کو سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ منشیات کے بڑے اسمگلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے اے این ایف سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کوارڈی نیشن اور انفارمیشن شئیرنگ کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ قوم کامستقبل تباہ کرنے والے ملزمان کو قانون کی گرفت لانے کا عمل مزید موثر ہوسکے۔انہوں نے مزیدکہاکہ طلبا و طالبات کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے تعلیمی اداروں میں خصوصی آگاہی مہم اور لیکچرز بھی جاری رکھے جائیں اور اس حوالے سے سول سوسائٹی، اساتذہ اورعلمائے اکرام سے بھی معاونت لی جائے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں منشیات کی سپلائی چین میں ملوث اسمگلرز اور ڈیلرز کے خلاف 12825 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 13028 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات جس میں 6335 کلو گرام چرس، 176 کلو گرام ہیروئن، 20582 گرام آئس اور 184715 لیٹرز شراب برآمد کی گئی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں ہونے والی کاروائیوں بارے انہوں نے بتایا کہ لاہور میں رواں برس منشیات فروشوں کے خلاف 1948 مقدمات درج، 1975 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 841 کلو چرس، 19 کلو ہیروئن، 2426 گرام آئس اور 13819لیٹر شراب برآمدکی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدکہاکہ لاہور کے علاوہ راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت دیگر بڑے شہروں میں منشیات کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے
(روزنامہ ایکسپریس)
**********