آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز، ڈی پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد
رمضان المبارک میں مساجد، امام بارگاہوں، دیگر مذہبی مقامات اور رمضان بازاروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دینے کے احکامات جاری
ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف اسپیشل برانچ کی مدد سے خصوصی آپریشن کیا جائے۔ آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب نے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانولہ سمیت بڑے شہروں کو جرائم کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹاسک سونپے۔
آئی جی پنجاب نے مختلف اضلاع سے پتنگ بازی کے واقعات رپورٹ ہونے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ راؤ سردار علی خان
دوران پیشی اور حوالات سے ملزمان کے فرار ہونے کے واقعات پر ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ آئی جی پنجاب
خواتین اور بچوں سے زیادتی اور اغواء برائے تاوان کے واقعات میں ملوث مجرمان کو افسرا ن اپنی نگرانی میں قرار واقعی سزا ئیں دلوائیں۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات کی سکیورٹی انتظامات کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر بہترین انتظاما ت کئے جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، سحر ی و افطار اور تراویح کے اوقات میں حساس مساجد اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ سپروائزری افسران ماہ رمضان میں سحری اور رات کے اوقات میں پٹرولنگ میں اضافہ کریں اور خود فیلڈ میں نظر آئیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ماہ مقدس میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف اسپیشل برانچ اور حساس اداروں کی مدد سے خصوصی آپریشن کیا جائے اور اس غیر قانونی فعل میں ملوث ملزمان کو سزائیں دلوائی جائیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ ر رمضان المبارک کے دوران عوامی مارکیٹوں، بینکوں اور بڑے شاپنگ سنٹرز کی سیکیورٹی کو بھی مد نظر رکھا جائے جبکہ حساس مقامات کے گردونواح میں ڈولفن، پیرو اور پٹرولنگ فورسز کے اوقات کار میں اضافہ کیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف آپریشن میں تیزی لائی جائے اور ان خطرناک اور جان لیوا سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔آئی جی پنجاب نے مختلف اضلاع سے پتنگ بازی کے واقعات رپورٹ ہونے پرسخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ آئی جی پنجاب نے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانولہ سمیت بڑے شہروں کو جرائم کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹاسک سونپے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ خواتین اور بچوں سے زیادتی اور اغواء برائے تاوان کے واقعات میں ملوث مجرمان کی تفتیش افسران اپنی نگرانی میں کروائیں تاکہ ایسے عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جاسکیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمدسختی سے یقینی بنایا جائے، حساس اداروں کے تعاون سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے تنبیہ کی کہ اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کی گرفتاری میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور دوران پیشی اور حوالات سے ملزمان کے فرار ہونے کے واقعات پر ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ویڈیو لنک آر پی اوز، ڈی پی اوز کانفرنس کی صدارت کے دوران صوبے کے تمام سپروائزری افسران کو جاری کیں۔
اجلاس میں جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے صوبائی دارالحکومت میں سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی اور پاک آسٹریلیا کرکٹ میچز سمیت رمضان بازاروں کی سکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ پولیس حراست میں تشدد اور ہلاکت کے واقعات کے ذمہ داران کسی رعائیت کے مستحق نہیں ایسے واقعات میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ وقانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر،سی سی پی او لاہور چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹیز اتھارٹی،، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن، ڈی آئی جیز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
(ہینڈ آؤٹ 187 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

