آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ریجنل دفتر راولپنڈی آمد، اجلاس کی صدارت کے دوران اہم ہدایات جاری کیں

Apr 01, 2022

 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ پولیس افسران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے ٹھوس اقدامات کریں اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے سروس ڈلیوری میں بہتری کے ساتھ ساتھ پیشہ ور مجرمان کو پابند سلاسل کروائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سٹریٹ کرائم کے خاتمہ کے لیے رات کے وقت پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے اور سپروائزری افسران خود فیلڈ میں نظر آئیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ ماہ رمضان میں مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل یقینی بنایا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی  اور تشدد کے واقعات میں ملزمان کسی رعائیت کے مستحق نہیں۔ سپروائزری افسران ایسے جرائم میں ملوث مجرمان کو ذاتی نگرانی میں سخت سے سخت سزائیں دلوائیں۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ کائٹ فلائنگ، ہوائی فائرنگ پر قابو پانے کے لیے بر وقت اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور
شہریوں کے مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے کھلی کچہری کو حقیقی معنوں میں مؤثر بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے راولپنڈی شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ یہ احکامات انہوں نے آج ریجنل پولیس آفس راولپنڈی کے دورے کے دوران اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کئے۔
راولپنڈی ریجن کے پولیس افسران نے آئی جی پنجاب کو جرائم کی مجموعی صورتحال اور اہم مقدمات میں ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے پاک آسٹریلیا کرکٹ میچ کے دوران راولپنڈی پولیس کے اچھی کارکردگی کے حامل افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے۔ انعام حاصل کرنے والے افسران میں ایس پی پوٹھوہار عبدالوہاب، ایایس پی ٹیکسلا وقاص خان، اے ڈی آئی جی طاہر عباس، شفقت علی ایس ایچ او رتہ امرال، سب انسپکٹر تھانہ صدر بیرونی سعید اکبر، محمد عرفان کانسٹیبل تھانہ رتہ امرال،کانسٹیبل فیصل تھانہ نیو ٹاؤن اور ڈولفن فورس کے کانسٹیبل انیس شامل تھے۔ میٹنگ میں آر پی او راولپنڈی ریجن اشفاق احمد خان، سی پی او راولپنڈی، ڈی پی اوز اٹک،جہلم، چکوال، سی ٹی اواور ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔

(روزنامہ خبریں)

**********