پولیس سروس نوبل پروفیشن، اہلکارڈیوٹی عبادت سمجھ کر اداکریں،آئی جی

Apr 01, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردارعلی خان نے کہا ہے کہ پولیس سروس ایک نوبل پروفیشن ہے، پولیس فورس میں شامل ہونے والے اہلکاراپنی ڈیوٹی کو نوکری نہیں بلکہ عبادت اور خدمت سمجھ کر ادا کرنے کا عزم کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ معاشرے سے جرائم کے خاتمہ اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پنجاب پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے لہذانوجوان اہلکار بھرپور محنت،ایمانداری، لگن اور تندہی سے اپنے فرائض سر انجام دیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ پولیس اسٹیشن میں آنے والے شہریوں سے ہمیشہ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اورشہریوں کی خدمت، حفاظت اور انہیں انصاف کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس فورس کا تشخص بہتر بنانے میں فیلڈ افسران واہلکاروں کو بنیادی کردار ہے لہذا تمام افسران واہلکار دوران ڈیوٹی خوش اخلاقی کو شعار بنائیں، اپنے ہر عمل سے خدمت خلق کرتے ہوئے محکمہ کی عزت میں اضافے کاباعث بنیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ کرپشن کسی صورت قابل قبول نہیں،کسی بھی طرح کی بد عنوانی میں ملوث افسران واہلکاروں کو محکمہ سے نکال باہر کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس میں لیڈی اہلکاروں کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جارہے ہیں اور میری لیڈی اہلکاران سے توقع ہے کہ وہ پولیس کے پاس آنے والی مظلوم و مجبور خواتین کی بھرپور مدد کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں ریکروٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 226 لیڈی اہلکاروں جبکہ 600 مرد اہلکاروں نے حصہ لیا۔
آئی جی پنجاب نے ریکروٹ کلاس کورس میں شامل اہلکاروں کو بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پرکمانڈنٹ سہالہ اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا،پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پاس ہونے والے جوانوں نے آئی جی پنجاب کو سلامی پیش کی، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج سہالہ غلام رسول زاہد نے کہا کہ اہلکاروں کو دوران تربیت جدید پولیسنگ کے تقاضوں کے مطابق 9 مہینے دورانئے پر مشتمل بہترین تربیت فراہم کی گئی ہے،کورس کے دوران اہلکاروں کو اسلحہ ہینڈلنگ اور فیلڈ ڈیوٹی کیلئے درکار تمام مہارتوں کی عملی تربیت فراہم کی گئی ہے اور پاس آؤٹ ہونے والے اہلکار دوران ڈیوٹی پیش آنے والے ہر چیلنج ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پولیس کالج سہالہ اب تک 96000 سے زائد افسران و اہلکاروں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر چکا ہے۔آئی جی پنجاب نے دوران ٹریننگ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔پاسنگ آؤٹ پریڈ میں اہلکاروں نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور امن عامہ کے قیام کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کا حلف بھی لیا۔پاسنگ آؤٹ پریڈ میں کمانڈنٹ پنجاب پولیس کالج سہالہ غلام رسول زاہد، ڈپٹی کمانڈنٹ سہالہ اشفاق احمد، آر پی او راولپنڈی اشفاق احمد خان،سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک،ایس ایس پی انوسٹی گیشن غضنفر علی شاہ، ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض، ایس پی سی آئی اے طارق محبوب، ایس پی امبرین علی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔