انسپکٹرز کی 73 خالی سیٹوں پر بزریعہ پبلک سروس کمیشن بھرتی کی منظوری

Mar 29, 2022

انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے انسپکٹرز کی73خالی سیٹوں پر پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے محکمانہ بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجا ب نے 20فیصد کوٹہ کے تحت73انسپکٹرز کی محکمانہ بھرتی کے لیے منظوری دی ہے اور بھرتی کے لیے سفارشات پنجاب پبلک سروس کمیشن بھجوائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ 2013کے سروس رولز کے مطابق انسپکٹرز کی 20فیصد خالی سیٹوں پر مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے سب انسپکٹرز، پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مقابلے کا امتحان دینے کے اہل ہیں اور صوبے کے تمام اضلاع میں تعینات، گریجویشن کی ڈگری رکھنے والے اورمطلوبہ سروس مکمل کرنے والے سب انسپکٹرز امتحان کیلئے اپلائی کرسکیں گے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہاکہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیاں میرٹ پر ہونگی، پراسس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاکہ ترجیحی ترقیوں سے قابل اور محنتی افسران کی حوصلہ افزائی ہوگی اور نئے افسران کی شمولیت سے پنجاب پولیس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

(روزنامہ پاکستان)

**********