کھیلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اہلکارمحکمے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔آئی جی پنجاب

Mar 30, 2022

لاہور29مارچ-انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ کھیلوں کے قومی مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھا کر محکمہ پولیس کا نام روشن کرنے والے اتھلیٹ اہلکارمحکمے کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہیں مزید سہولیات اور وسائل کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کبڈی پنجاب کا ثقافتی کھیل ہے جس میں پولیس کے جوانوں کی اچھی کارکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ پنجاب پولیس میں کھیلوں کے فروغ اور اتھلیٹ اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس کے کھلاڑیوں کی محکمانہ ترقیوں کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ہر افسرو اہلکار کو اسکا جائز حق بلا تاخیر دیا جائے گا۔ راؤ سردارعلی خان نے نیشنل کبڈی چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر پنجاب پولیس کبڈی ٹیم کے کھلاڑیو ں اورکوچ کو مبارک باددی۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پولیس سپورٹس بورڈ کوہدایت کی کہ تمام کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں کو مزید سہولیات اور وسائل فراہم کئے جائیں جبکہ کوچز کھلاڑیوں کو بہترین ٹریننگ کرواتے ہوئے آئندہ مقابلوں میں شاندارکارکردگی کیلئے ہر ممکن راہنمائی فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس کبڈی ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے نیشنل کبڈی چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر پولیس کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کیش انعامات اور سرٹیفیکیٹ سے حوصلہ افزائی کی۔ پنجاب پولیس کبڈی ٹیم نے 42ویں قومی کبڈی چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن اور کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ انعامات حاصل کرنے والوں اتھلیٹ کھلاڑیوں کا تعلق پی ایچ پی، ڈولفن،ایس پی یو، اوکاڑہ، لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، فیصل آباد، اور خانیوال پولیس سے ہے۔
آئی جی پنجاب نے کبڈی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر تمام کھلاڑیوں کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ کبڈی کی قومی ٹیم میں پولیس کے متعددکھلاڑیوں کی شمولیت پنجاب پولیس کے لئے اعزاز کی بات ہے، تمام کھلاڑی بھرپور محنت اورلگن کے ساتھ پریکٹس جاری رکھیں اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ، ڈائریکٹر جنرل پولیس سپورٹس بورڈ، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(روز نامہ انصاف)

**********