پنجاب پولیس کی ننکانہ میں اہم کاروائی، سکھ کمیونٹی کے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والا بین الاضلاعی کالی ڈکیت گینگ گرفتار

پنجاب پولیس کی ننکانہ میں اہم کاروائی، سکھ کمیونٹی کے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والا بین الاضلاعی کالی ڈکیت گینگ گرفتار
مشتاق عرف کالی ڈکیت گینگ کاسرغنہ ساتھیوں سمیت گرفتار،30لاکھ نقدی، 25تولے سونا و دیگر مال مسروقہ برآمد
آر پی او شیخوپور ہ مرزافاران بیگ اور ڈی پی او ننکانہ کیپٹن (ر) منصور امان کی سکھ کمیونٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس
سکھ اور ہندو سمیت تمام اقلیتیں پاکستان کا حسن ہیں جن کی جان و مال کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ مرزا فاران بیگ آر پی او شیخوپورہ
ننکانہ صاحب میں سکھ کمیونٹی کی عبادت گاہوں اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔ ڈی پی او ننکانہ
ریجنل پولیس آفیسر شیخوپورہ ریجن مرزا فاران بیگ نے کہاہے کہ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر ننکانہ صاحب میں سکھ کمیونٹی کے افراد کی جا ن و مال کے تحفظ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں اورمذہبی مقامات کے ساتھ ساتھ سکھ شہریوں کی املاک اور جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ننکانہ پولیس کی ٹیم نے سکھ شہریوں کے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے بین الاضلاعی کالی ڈکیٹ گینگ کے سرغنہ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جن کے قبضے سے ناجائز اسلحہ،30لاکھ نقدی، 25تولے طلائی زیورات اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑی اور موٹرسائیکل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر شیخوپورہ مرز ا فاران بیگ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر)منصور امان اور سکھ کیمونٹی کے معززین کے ہمراہ آرپی او آفس شیخوپورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
ریجنل پولیس آفیسر شیخوپورہ مرز ا فاران بیگ نے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ بین الاضلاعی مشتا ق عرف کالی ڈکیت گینگ کے ملزمان اسلحہ کے زور پر گھروں میں داخل ہو کر وارداتیں کرتے تھے۔انہوں نے جنوری اور فروری میں ضلع ننکانہ میں ڈکیتیوں کی چار وارداتیں کی اور خاص طور پر سکھ کمیونٹی کوٹارگٹ کیا۔ 15جنوری کو کالی ڈکیت گینگ نے ننکانہ میں سردار جسونت سنگھ کے گھر میں داخل ہو کر عورتوں اور بچوں کو یرغمال بنا کر 50لاکھ نقدی 25تولے طلائی زیورات اور 2راڈو گھڑیاں چھین کر فرار ہو گئے۔ سکھ برادری ننکانہ کی ثقافتی سماجی اور عالمی سطح پر ضلع ننکانہ کی پہچان ہے اور اس کیس کو حل کرنا ننکانہ پولیس کی اولین ترجیح بن گیا۔ بطور ریجنل پولیس آفیسر میں نے DPOننکانہ کپٹن ریٹائرڈ منصو ر امان کے ساتھ مل کر ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور گردوارہ جنم استھان میں سکھ برادری سے ملاقات کر کے اُن کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔آر پی او شیخوپورہ مرزا فاران بیگ نے مزید بتایا کہ مشتاق عر ف کالی ڈکیت گینگ پانچ ملزمان پر مشتمل ہے جس کا سرغنہ مشتاق عرف کالی ہے جس پر ڈکیتی کے 24مقدمات ہیں۔ یہ گینگ پنجاب کے مختلف اضلاع لاہور،قصور،فیصل آباد، جہلم، رحیم یار خان اور ننکانہ میں سنگین نوعیت کے جرائم کرتے تھے۔ ضلع ننکانہ میں تھانہ فیض آباد کے حق نوازنامی شہری کے گھر ڈکیتی میں 25 تولے طلائی زیور چھینے، تھانہ مانگٹانوالہ میں 12تولے زیوررات کے ساتھ 3 لاکھ نقدی چھینی، ہاؤسنگ کالونی ننکانہ میں 6تولے زیورات اورپمپ ایکشن چھینی اور اسی طرح بچیکی میں موبائل شاپ سے ساڑھے 6لاکھ روپے کے موبائل اور نقدی چھینی تھی۔آر پی او شیخوپورہ مرزا فاران بیگ نے مزید بتایا کہ ننکانہ پولیس نے ڈی پی او ننکانہ کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان کی قیادت میں ایس پی انویسٹی گیشن میاں محمد اکمل کی زیر نگرانی ٹیم نے سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے کالی ڈکیت گینگ کے سرغنہ مشتاق عرف کالی، وسیم اکرم اور بشارت عرف کالا کو گرفتار کر کے 25 تولے طلائی زیورات 30 لاکھ نقدی 02 عدد راڈو گھڑیاں، پمپ ایکشن، دوعدد پسٹل، موٹر سائیکل اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی کار برآمد کر لی۔
آرپی اور مرزا فاران بیگ نے مزید بتایا کہ اب تک تین ملزمان گرفتار ہوئے ہیں جن میں مشتا ق عر ف کالی، ڈکیتی کی 24 وارداتوں میں ملوث ہے۔وسیم اکرم 8وارداتوں میں اور جبکہ بشارت عرف کالا 7وارداتوں میں ملوث تھا۔جبکہ 2ملزمان سجا د اور سرورکی گرفتاری باقی ہے۔ آر پی او شیخوپورہ نے مزید کہا کہ ہم سکھ برادری کے معززین کے بھی شکر گزار ہیں جنھوں نے پولیس پر اعتماد کیا اور کیس میں ہر ممکن تعاون فراہم کیاانھوں نے مزید کہا کہ کیس پر مزید تفتیش جاری ہے ہم بہت جلد بقایاملزمان کو گرفتار کر کے مال مسروقہ کی برآمدگی کو یقینی بنائیں گے۔سکھ کمیونٹی کے افراد نے ملزمان کو گرفتار کرنے پر ننکانہ پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

(ہینڈ آؤٹ 177 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Friday, March 25, 2022