کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو درپیش مسائل کافوری حل یقینی بنانا ہے۔ آئی جی پنجاب

Mar 16, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری حل یقینی بناتے ہوئے انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے لہذا سپروائزری افسران کھلی کچہریوں کو حقیقی معنوں میں فعال اور مؤثر بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ آرپی اوز، ڈی پی اوز غریب، بزرگ اور خواتین شہریوں کا مسائل ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں اور کھلی کچہری میں آنے والے ہر شہری کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔راؤ سردار علی خان نے کہاکہ سپروائزری افسران اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی خدمت و تحفظ کیلئے ذاتی نگرانی میں اقدامات کریں اور شہریوں کی ہر درخواست پر فوری ایکشن لیتے ہوئے انکی فالو اپ رپورٹس بھی سنٹرل پولیس آفس باقاعدگی سے بھجوائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اقیمتی اثاثہ ہیں، انکی املاک کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے آر پی اوز، ڈی پی اوزہر ممکن تعاون کریں۔ یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کے دورے کے موقع پر افسران کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کیں۔
آئی جی پنجاب نے بہاولنگر، ساہیوال، سرگودھا، گجرات اور لاہورسمیت دیگر شہروں سے آنے والے سائلین کے مسائل خود سنے اورازالے کیلئے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں کی درخواستیں متعلقہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو فوری حل کرکے رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزیدکہاکہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرکے ہی پولیس شہریوں کا اعتماد اور تعاون حاصل کرسکتی ہے لہذا کھلی کچہریوں میں پیش ہونے والے تمام شہریوں کی شکایات کا مکمل ریکارڈ باقاعدگی سے محفوظ کیا جائے اور حل شدہ شکایات کی تفصیل بھی ماہانہ بنیادوں پر سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ کھلی کچہریوں میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی اور مثبت رویے سے پیش آیا جائے اورجہاں کہیں شہریوں کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ سامنے آیا تو قصوروان کے خلاف محکمانہ و قانونی کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ میرے دفتر کے دروازے تمام شہریوں کیلئے کھلے ہیں اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے میں مستقبل میں کھلی کچہری کا انعقادجاری رکھوں گا۔

(روز نامہ انصاف)

**********