آئی جی راؤ سردار علی پولیس کے آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگ کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔

Mar 11, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ لاہور کے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ اورجرائم کنٹرول کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پلان کے تحت اقدامات کئے جائیں اور منظم جرائم کے خاتمہ کے لیے موثر حکمت عملی کے تحت سخت ترین اقدامات کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے آرگنائزڈ کرائم کے خاتمہ اور پیشہ ور مجرمان کی بیخ کنی کے لیے سی آئی اے لاہور کو مزید بہتر کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ کیسز کی تفتیش کو جلد مکمل کرتے ہوئے عادی مجرمان کوقرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ راؤ سردار علی خان نے سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے پٹرولنگ پلان کو مزید موثر بنانے اور پٹرولنگ ٹیموں میں اضافے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ موٹر سائیکل، رکشہ اور گاڑی چوری واقعات کی روک تھام کیلئے اینٹی وہیکل لفٹنگ ونگ(اے وی ایل ایس) کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے حکم دیا کہ لاہور میں بائیک و کار چور گروہوں کے خلاف انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز شروع کئے جائیں اور ون ویلنگ، کائیٹ فلائنگ، ہوائی فائرنگ پر زیروٹالرنس کے تحت کارروائی کی جائیں۔راؤ سردار علی خان نے حکم دیا کہ لاہور پولیس کومعصوم شہریوں کی املاک اور اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد پر قبضہ کرنے والے گروہوں کی پروفائلنگ کی جائے اور پولیس، محکمہ مال،ضلعی انتظامیہ، ایل ڈی اے اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر قبضہ مافیا کے خلاف خصوصی پلان تشکیل دیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ منشیات کے استعمال اور خریدو فروخت کے خلاف جاری آپریشنز اور آگاہی مہم میں تیزی لائی جائے اور اس برائی کے جڑ سے خاتمے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔راؤ سردار علی خان نے تاکید کی کہ کرپشن کسی صورت قابل قبول نہیں، محکمہ پولیس سے کرپٹ عناصر کا صفایا میری اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات لاہور پولیس کے آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگ کے اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور نے انویسٹی گیشن ونگ کو مزید بہتر بنانے بارے بریفنگ دی۔

آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایایت دیتے ہوئے کہاکہ عادی اور پیشہ ور مجرمان کو سخت سزائیں دلوانے کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کو مزید مضبوط کیا جا رہا  ہے اور انویسٹی گیشن ونگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے آپریشنز سے مزید نفری بھی دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو کیسز کی معیاری تفتیش یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ تفتیشی افسران پر کیسز کے ورک لوڈ کو کم کیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ تفتیشی افسران کی استعداد کار میں اضافے کے لیے شارٹ کورسز اور جدید تقاضوں کی حامل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت اہم تنصیبات اور عبادت گاہوں پر سکیورٹی مزید سخت کی جائے اور حساس مقامات کے گر دونواح میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بھی شرکت کی۔
( روزنامہ 92)
**********