میانوالی پولیس کی اہم کاروائی، نومولود بچی کو فائرنگ سے قتل کرنے والا سفاک ملزم گرفتار

میانوالی پولیس کی اہم کاروائی، نومولود بچی کو فائرنگ سے قتل کرنے والا سفاک ملزم گرفتار
 میانوالی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم شاہ زیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس
 سفاک باپ نے 06 مارچ کو اپنی سات دن کی کمسن بچی کو پسٹل کے 5 فائر مارکر بے دردی سے قتل کیا تھا۔ترجمان پنجاب پولیس
تفتیش کے مراحل جلد مکمل کرتے ہوئے سفاک ملزم کو عبرت ناک سزا دلوائی جائے گی۔ ڈی پی او میانوالی اسمعیٰل الرحمن کھاڑک
بچوں اور خواتین پر ظلم و زیادتی کے واقعات پر آئی جی پنجاب نے زیرو ٹالرینس پالیسی جاری کر رکھی ہے۔ ڈی پی او میانوالی

میانوالی میں نومولود بیٹی کو فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کرنے والے سفاک ملزم کو میانوالی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ میانوالی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم شاہ زیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کیاگیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے افسوس ناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان آرپی او سرگودھا اور ڈی پی او میانوالی سے ملزم کی گرفتاری بارے روزانہ اپ ڈیٹ لیتے رہے۔

ڈی پی او میانوالی اسمعیٰل الرحمن کھاڑک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری بارے میڈیا کو آگاہ کیا۔ ڈی پی او میانوالی کے مطابق تھانہ سٹی کے علاقہ محلہ نورپورہ میں سفاک باپ نے06 مارچ کو اپنی سات دن کی کمسن بچی کو پسٹل کے 5 فائر مارکر بے دردی سے قتل کیا اور جائے واردات سے فرار ہوگیا تھا۔ڈی پی او میانوالی نے بتایا کہ واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کے بعدسفاک ملزم کی فوری گرفتاری کیلئے 03 ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے دن رات محنت کرکے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم شاہ زیب ولد امان اللہ کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او میانوالی اسمعیٰل الرحمن کھاڑک نے مزیدکہاکہ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر واقعہ کی تفتیش کی نگرانی خود کروں گا اور تفتیش کے مراحل جلد مکمل کرتے ہوئے سفاک ملزم کو عبرت ناک سزا دلوائی جائے گی۔ ڈی پی او میانوالی اسمعیٰل الرحمن کھاڑک نے مزیدکہاکہ بچوں اور خواتین پر ظلم و زیادتی کے واقعات پر آئی جی پنجاب نے زیرو ٹالرینس پالیسی جاری کر رکھی ہے اور اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری رہیں گے۔

(ہینڈ آؤٹ 149 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

Press Release Date: 
Thursday, March 10, 2022