ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر پولیس سروس سے ریٹائرڈ۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد
ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کا شمار پاکستان پولیس سروس کے انتہائی قابل اور فرض شناس افسران میں ہوتا ہے۔ آئی جی پنجاب
کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب آفس کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔آئی جی پنجاب
ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بوقت ضرورت پنجاب پولیس کیلئے میری خدمات ہمیشہ دستیاب ہونگی۔ کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کا شمار پاکستان پولیس سروس کے انتہائی قابل، فرض شناس اور ایماندار افسران میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیرئیر کے دوران تفویض ہونے والی ہر ذمہ داری کو بطریق احسن سر انجام دے کر اپنی مہارت و قابلیت کا عملی ثبوت پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے بطور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب بھی بہترین خدمات سر انجام دیں اور جنوبی پنجا ب کے عوام کے مسائل کے بروقت حل اور انہیں انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے نہ صرف ماتحت سٹاف کو بہترین راہنمائی فراہم کی بلکہ اپنے اختیارات سے عام شہریوں اور پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا۔ آئی جی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار آج سنٹرل پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پرسات مارچ کو پولیس سروس سے ریٹائرڈ ہوگئے۔ ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کا تعلق 15 کامن سے تھا۔ انہوں نے 34 برس محکمہ پولیس میں خدمات سر انجام دیں۔سنٹرل پولیس آفس منعقدہ تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
(ہینڈ آؤٹ 144 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************

