پنجاب پولیس اور اخوت فاؤنڈیشن کے درمیان کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ایم او یو دستخط ہوگیا۔

پنجاب پولیس اور اخوت فاؤنڈیشن کے درمیان کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ایم او یو دستخط ہوگیا۔
ایم او یو کے تحت 50ہزار سے کم تنخواہ والے پولیس ملازمین گھر بنانے کیلئے 15 لاکھ روپے تک قرض حاصل کرسکیں گے۔ آئی جی پنجاب
قرض کی واپسی ملازمین کی تنخواہ میں سے 10 سے 15 سال تک دورانیہ میں ماہانہ آسان اقساط میں کی جائے گی۔ راؤ سردار علی خان
اس سہولت کا فائدہ 50 ہزار سے کم تنخواہ والے ملازمین کو ہوگا جن کیلئے ذاتی گھر کا حصول انتہائی مشکل ہے۔ آئی جی پنجاب
اخوت فاؤنڈیشن کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کی مدد اور انہیں خود مختار بنانا ہے۔ ڈاکٹر مجد ثاقب چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن
ایڈیشنل آئی جی ویلفیئراینڈ فنانس محمد فاروق مظہر اور سی ای او اخوت اسلامک مائیکرو فنانس ڈاکٹر کامران شمس نے ایم او یو پر دستخط کیے۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ پولیس فورس بالخصوص کانسٹیبلان اورکم تنخواہ والے ملازمین کی مشکلات کا ازالہ اور انکی بہترین ویلفیئر محکمے کی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ کم تنخواہ والے ملازمین کوذاتی گھر کی سہولت کیلئے پنجاب پولیس نے حکومت پاکستان کے کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت اخوت فاؤنڈیشن کے ساتھ ایم او یو سائن کیا ہے جس کے تحت ایسے پولیس ملازمین جن کی تنخواہ پچاس ہزار سے کم ہے اور انکے پاس ذاتی چھت نہیں ہے کوگھروں کی تعمیر کیلئے آسان اقساط پر 10سے 15لاکھ روپے تک کاقرض دیا جائے گا جسے وہ ماہانہ بنیادوں پر آسا ن اقساط میں اپنی تنخواہ سے ادا کرسکیں گے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ اس سہولت کا فائدہ 50 ہزار سے کم تنخواہ والے ملازمین کو ہوگا جن کیلئے ذاتی گھر کا حصول انتہائی مشکل ہے اور وہ اس سہولت کی بدولت اپنے بچوں اوراہل خانہ کیلئے ذاتی چھت حل کرسکیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ قرض کی واپسی ملازمین کی تنخواہ میں سے 10 سے 15 سال تک دورانیہ میں ماہانہ اقساط سے کی جائے گی جس سے کم تنخواہ والے ملازمین پر ناقابل برداشت اضافی بوجھ بھی نہیں پڑے گا اور وہ سہولت کے ساتھ اپنے اہل خانہ کیلئے ذاتی چھت حاصل کرسکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں اخوت فاؤنڈیشن کے چئیرمین ڈاکٹر امجد ثاقب کی قیادت میں آئے وفد سے ملاقات او ر ایم او یو سائن کرنے کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت پنجاب پولیس اور اخوت فاؤنڈیشن کے درمیان سنٹرل پولیس آفس میں ایم او یو پر دستخط کئے گئے ہیں۔پنجاب پولیس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی ویلفیئراینڈ فنانس محمد فاروق مظہر اور سی ای او اخوت اسلامک مائیکرو فنانس ڈاکٹر کامران شمس نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ایم او یو کے تحت صوبے کے تمام اضلاع کے پولیس ملازمین اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے، تمام اضلاع کے پولیس ملازمین قرض کے حصول کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں ویلفیئر برانچ کو درخواستیں بھجوائیں گے جبکہ ڈی آئی جی ویلفیئر درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد انہیں اخوت ہیڈ آفس بھجوائیں گے۔اخوت فاؤنڈیشن کے چئیرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے پنجاب پولیس کے ساتھ معاہدے کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ اخوت فاؤنڈیشن کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کی مدد اور انہیں خود مختار بنانا ہے اور اس ایم او یو کی بدولت پولیس کے کم تنخواہ والے ملازمین اس معاہدہ سے مستفید ہوں گے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب کو سوویئنیرز بھی دیا۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ علی عامر ملک، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان، ڈی آئی جی ویلفیئر عبدالغفار قیصرانی اور اخوت فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈاکٹر کامران شمس نے شرکت کی۔

(ہینڈ آؤٹ 101 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Wednesday, February 16, 2022