نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کے 30 سینئر مینجمنٹ کورس میں شامل 16افسران کے وفد کا سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کے 30 سینئر مینجمنٹ کورس میں شامل 16افسران کے وفد کا سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ
آئی جی پنجاب نے کورس کے شرکاء کو پنجاب پولیس میں جاری اصلاحات بارے بریف کیا اور سوالات کے جوابات بھی دئیے۔
معاشرے سے انتہا پسندی، عدم برداشت اورتشدد کاخاتمہ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ راؤ سردارعلی خان
فری رجسٹریشن آف ایف آئی آر ہماری پالیسی کا بنیادی جزو ہے جس سے منظم جرائم کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے۔آئی جی پنجاب
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے روایتی پولیسنگ سے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ راؤ سردار علی خان
کرپشن، اختیارات کے تجاوز اور نان پروفیشنلزم پر زیروٹالرینس کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ معاشرے سے انتہاپسندی، عدم برداشت اور تشدد کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے جس میں عوامی خدمات سر انجام دینے والے ہر فرد کو اپنا کردار بطریق احسن ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ خواتین پولیس افسران کو مردوں کے شانہ بشانہ فیلڈ میں اہم پوسٹنگ دی جاتی ہیں تاکہ وہ عوامی خدمت کے فرائض اور پیشہ ورانہ کیرئیر میں ترقی کی منازل باآسانی طے کرسکیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ فری رجسٹریشن آف ایف آئی آر ہماری پالیسی کا بنیادی جزو ہے جس کا مقصد منظم جرائم کے گروہوں کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ جرم کی رجسٹریشن نہ ہونا مجرم کی مدد کے مترادف ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایف آئی آر درج نہ کرنے والے افسران و اہلکاروں سے جواب طلبی کے ساتھ ساتھ محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے روایتی پولیسنگ سے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کا سفر تیزی سے جاری ہے، شہریوں کی سہولت اور جرائم کنٹرول کیلئے آئی ٹی ایپلی کیشنز لانچ کی گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ کرپشن، اختیارات کے تجاوز اور نان پروفیشنلزم پر زیروٹالرینس کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں اور پہلے جزا پھر سزا کی پالیسی کے تحت محکمانہ احتساب کا عمل جاری ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پولیس اسٹیشن کی ورکنگ میں بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور وسائل کا استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کے مسائل تھانہ لیول پر ہی حل ہوسکیں۔ آئی جی پنجا ب نے کہاکہ شہریوں میں پولیس کا اعتماد بحال کرنے کے لیے عوام دوست اور کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جارہا ہے اور قوانین سے متعلق شہریوں کی آگاہی کیلئے ٹریفک اور پولیس کی خصوصی مہم بھی جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور سے آئے 30 سینئر مینجمنٹ کورس میں شامل 16 افسران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے کورس کے شرکاء کو پنجاب پولیس میں جاری اصلاحات بارے بریف کیا اور سوالات کے جوابات بھی دئیے۔
آئی جی پنجا ب نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہداء پولیس کی فیملیز سے خود رابطے میں رہتاہوں، انکی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی جان وما ل کا تحفظ اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پرایڈیشنل آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی آپریشنز نے وفد کے شرکاء کو پنجاب پولیس کی ورکنگ بارے بریفنگ دی جبکہ بریفنگ کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور وفد کے سربراہ کے مابین یادگاری سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

(ہینڈ آؤٹ 98)

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

Press Release Date: 
Tuesday, February 15, 2022