آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا سانحہ چئیرنگ کراس مال روڈ کے شہداء کو پانچویں یوم شہادت پر خراج عقیدت

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا سانحہ چئیرنگ کراس مال روڈ کے شہداء کو پانچویں یوم شہادت پر خراج عقیدت
ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد محمود گوندل سمیت تمام شہداء محکمے کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ راؤ سردار علی خان
ملکی استحکام  اور معاشرے میں امن و امان برقرار رکھنے میں پنجاب پولیس کے سینکڑوں شہداء کا خون اور قربانیاں شامل ہیں۔ راؤ سردار علی خان
ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد محمود گوندل کی قبروں پر پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کیں۔ پھول چڑھائے اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ چئیرنگ کراس مال روڈ دھماکے میں شہید ہونے والے افسران و اہلکار محکمہ پولیس کے ماتھے کو جھومر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے شہریوں کی سہولت اور انکی جان و مال کے تحفظ کی خاطر دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کیا اور فرض شناسی کی لازوال مثال قائم کی۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور شہداء کے عظیم مشن کو جاری رکھتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمیشہ مصروف عمل رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہدائے کی فیملیز کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ چئیرنگ کراس کے پانچ برس مکمل ہونے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیلئے کیا۔۔

 ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید، ایس ایس پی زاہد محمود گوندل اور پانچ اہلکاروں نے  13فروری 2017 کی شام چئیرنگ کراس، مال روڈ لاہور پر خود کش دھماکے میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ شہداء میں وائرلیس آپریٹر اے ایس آئی محمد امین اور ایلیٹ فورس کے چار جوان ہیڈ کانسٹیبل عصمت اللہ اور کانسٹیبلان محمد اسلم، عرفان محمود اور ندیم تنویر شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر شہداء کی پانچویں برسی پر ڈسڑکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤالدین انور سعید کنگرا نے علاقہ تھانہ میانہ گوندل میں ایس ایس پی زاہد محمود شہید کے آبائی گاؤں سندا میں ان کی قبر پر سلامی  پیش کی، پھولوں کی چادریں چڑھا?یں، درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔۔ ڈی پی او منڈی بہاؤ الدین نے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے،  ایس ایس پی زاہد گوندل شہید نے اپنے ملک و قوم کی خاطر لاہور میں ہونے والی دہشت گردی میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے پنجاب پولیس کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
لاہور پولیس کی جانب سے سانحہ مال روڈ کی پانچویں برسی کے موقع پر شہداء پولیس کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔ سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے کیولری گراونڈ قبرستان میں شہید ڈی آئی جی کیپٹن(ر) سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی۔سی ٹی او لاہور منتظر مہدی،ایس پیز، پولیس اور ٹریفک کے سینئر افسران اور جوان ہمراہ تھے۔ شہید ڈی آئی جی کیپٹن(ر) سید احمد مبین کی والدہ بھی دیگر عزیز و اقارب کے ہمراہ اپنے شہید لخت جگر کی قبر پر تشریف لائیں۔سی سی پی او فیاض احمد دہو نے شہید ڈی آئی جی کیپٹن (ر) احمد مبین کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی،شہید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ شہید کیپٹن (ر) احمد مبین کی والدہ نے اپنے بیٹے کے لئے خصوصی دعائیں کیں تو ہر آنکھ پرنم تھی۔سی سی پی او لاہور نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید کبھی نہیں مرتا،وہ آج بھی ہم میں موجود ہیں،لاہور پولیس کا ہر شہید روشن ستاروں کی طرح ہمارے دلوں میں جگمگا رہا ہے۔ شہدا کی بے نظیر خدمات پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہیں۔

(ہینڈ آؤٹ 93)

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

Press Release Date: 
Sunday, February 13, 2022