سانحہ چئیرنگ کراس، مال روڈ لاہور کے شہداء کا پانچواں یوم شہادت کل 13 فروری بروز اتوار منایا جائے گا۔
ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید اور ایس ایس پی زاہد نواز گوندل شہید کی آخری آرام گاہ پر سینئر افسران پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔
شہداء کی قبروں پر پولیس کا چاق و چوبند دستہ سلامی پیش کرے گا۔ لازوال قربانی کوشایان شان خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ ترجمان پنجاب پولیس
پنجاب پولیس سانحہ چئیرنگ کراس، مال روڈ کے شہداء کا پانچواں یوم شہادت کل 13 فروری بروز اتوار کو روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائے گی۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی قبر کیولری گراؤنڈ قبرستان لاہور میں سی ٹی او لاہور پولیس اور ٹریفک پولیس کے دستوں کے ساتھ جائیں گے جبکہ ایس ایس پی زاہد نواز گوندل شہید کی آخری آرام گاہ واقع منڈی بہاؤ الدین پر ڈی پی او منڈی بہاؤ الدین جائیں گے اور شہداء کی درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔دونوں مقامات پر پولیس کے چاق و چوبند دستے سلامی پیش کریں گے اور شہداء کی لازوال قربانی کی یاد میں شایان شان خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سیداحمد مبین شہید اور ایس ایس پی زاہد نواز گوندل سمیت پنجاب پولیس کے سات اہلکاروں نے 13فروری 2017 کی شام فیصل چوک، چئیرنگ کراس، مال روڈ لاہور پر جام شہادت نوش کیا تھا۔ دونوں افسران مال روڈ پر ہونے والے احتجاج کو ختم کروانے اور شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک کی بحالی کیلئے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کر رہے تھے کہ خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ واقعہ میں ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین، ایس ایس پی زاہد نواز گوندل، وائرلیس آپریٹر اے ایس آئی محمد امین اور ایلیٹ فورس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل عصمت اللہ اور تین کانسٹیبلان محمد اسلم، عرفان محمود اور ندیم تنویر نے جام شہادت نوش کر لیا۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے اپنے پیغام میں شہداء مال روڈ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس اپنے غیور شہداء کی لازوال قربانیوں کی کبھی فراموش نہیں کرے گی اور شہداء کے عظیم مشن کو جاری رکھتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمیشہ مصروف عمل رہے گی۔
(ہینڈ آؤٹ 91)
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
