آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا صوبہ بھر میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید سختی لانے کا حکم

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا صوبہ بھر میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید سختی لانے کا حکم
پتنگ بازی کی شکایات پر لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں قانون شکنوں کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے خصوصی آپریشن کی ہدایت
بڑے شہروں میں رات کے وقت پتنگ بازی کرنے والے قانون شکنوں کو گرفتار کرنے کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ راؤ سردار علی خان
رواں سال جنوری سے اب تک لاہور میں دھاتی ڈور اور پتنگ بازوں کے خلاف 224 مقدمات درج جبکہ 227 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے صوبہ بھر میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید سختی لانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پتنگ بازی کی شکایات پر لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں قانون شکنوں کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے خصوصی آپریشن کیا جائے اور رات کے وقت پتنگ بازی کرنے والوں کی گرفتاری کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے خلاف کاروائیوں کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور مساجد میں اعلانات کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تفریح کے نام پر پتنگ بازی جیسے خونی اور خطرناک کھیل میں ملوث افراد کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور پولیس کاروائیوں کی تفصیلی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ آن لائن پتنگوں اور دھاتی ڈوریں کی خریدو فروخت کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے جبکہ سپیشل برانچ کی ٹیمیں بھی صوبے کے تمام اضلاع میں پتنگ بازوں کے خلاف کاروائیوں میں مصروف عمل رہیں۔

 ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں قانون شکنی میں ملوث پتنگ بازوں کے خلاف 53 مقدمات درج کرتے ہوئے 59 افراد کو حراست میں لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 7699 پتنگیں اور 71 چرخیاں بھی برآمد ہوئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال جنوری سے اب تک لاہور میں دھاتی ڈور اور پتنگ بازوں کے خلاف 224 مقدمات درج جبکہ 227 افراد کو گرفتار کیا گیا اور سینکڑوں پتنگیں اور دھاتی ڈوریں بھی برآمد کی جا چکی ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ والدین سے گذارش ہے کہ اپنے بچوں کو خطرناک کھیل سے دور رکھیں اور قانون شکن عناصر کے خلاف 15 پر اطلاع دیں۔

(ہینڈ آؤٹ 90)

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Friday, February 11, 2022