آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا ڈی ایس پی گلبرگ کا قذافی اسٹیڈیم گیٹ پر سٹاف/شہری سے بد تمیزی کے واقعہ کا نوٹس
سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب،ڈی آئی جی آپریشنز کو انکوائری کے بعدرپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
پی ایس ایل میچز کے دوران آئی جی پنجاب کی ٹریفک پولیس لاہور کو خصوصی ہدایات جاری
شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کے ہموار بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے منظور شدہ ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔آئی جی پنجاب
ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں ایمبولینسوں، فائر بریگیڈ وغیرہ کی آمدو رفت میں کوئی تعطل نہ آنے پائے۔ راؤ سردار علی خان
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے قذافی اسٹیڈیم کے گیٹ پر ڈی ایس پی گلبرگ کی جانب سے سٹاف/ شہری پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز کو ہدایت کی کہ وہ واقعہ کی خود انکوائری کریں اور رپورٹ جلد از جلد انہیں پیش کی جائے۔ انہو ں نے کہاکہ ماتحت سٹاف اور شہریوں کے ساتھ بد تمیزی یا غیر اخلاقی رویے کے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں اور انکوائری کی روشنی میں مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے موقع پر کھلاڑیوں اور شائقین کی سیکیورٹی اوربہترین ٹریفک مینجمنٹ کیلئے لاہور پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے بہترین سکیورٹی فراہم کی جا ئیں اورسکیورٹی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کے ہموار بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے منظور شدہ ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اورمتبادل روٹس کی سڑکوں پر ٹریفک کے اضافی دباؤ پر قابو پانے کیلئے اضافی وارڈنز تعینات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں ایمبولینسوں، فائر بریگیڈ وغیرہ کی آمدو رفت میں کوئی تعطل نہ آنے پائے اور ٹیموں کی آمدورفت کیلئے ڈائیورشنز لگائی جائیں اور غیر ضروری طور پر کسی سڑک کو بند نہ کیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ سینئر افسران خود ٹریفک مینجمنٹ کا جائزہ لیں اور ٹریفک کی ہموار روانی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ راستہ ایپ،راستہ ایف ایم88.6 سوشل میڈیا اور میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی صورتحال بارے آگاہی فراہم کی جائے اور ڈولفن ٹیمیں ٹریفک کنٹرول میں ٹریفک پولیس کی معاونت فراہم کریں جبکہ شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے پارکنگ کے وسیع انتظامات کئے جائیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے دوران پولیس کی تمام ٹیمیں ہائی الرٹ ہوکر اپنے فرائض ادا کریں اور شائقین کرکٹ کو پرامن ماحول فراہم کرتے ہوئے وطن عزیز میں کرکٹ کی بحالی کے سفر میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خواتین شائقین کی سیکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔
(ہینڈ آؤٹ 88 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************