سب اچھا کی رپورٹ نہیں چلے گی،اچھا کام نہ کرنے والوں کی اے سی ا ٓر بھی اچھی نہیں لکھی جائے گی۔راؤ سردارعلی خان

سب اچھا کی رپورٹ نہیں چلے گی،اچھا کام نہ کرنے والوں کی اے سی ا ٓر بھی اچھی نہیں لکھی جائے گی۔راؤ سردارعلی خان
نوجوانوں کو منشیات  سے بچانا ہمارا مشن، تعلیمی اداروں میں منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے۔ آئی جی پنجاب
 کئی سالوں سے زیر تفتیش مقدمات کو کھولیں اور زیرالتوا کیس کو ذاتی دلچسپی لے کر حل کریں۔آئی جی پنجاب
گاڑی و موٹر سائیکل چوری,مویشی چوری اور سٹریٹ کرائم کے واقعات کی روک تھام کے لیے خصوصی توجہ دی جائے۔آئی جی پنجاب
 نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں، انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔راؤ سردار علی خان
آئی جی پنجاب راو سردار علی خان کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز، ڈی پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد

 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل اور صوبہ میں امن و امان کے  قیام کے لئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں کی جائیں،اب سب اچھا کی رپورٹ نہیں چلے گی اور عوامی مسائل میں دلچسپی نہ لینے والے افسران و اہلکاروں کو فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹا یا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی آر کا اندارج نہ کرنے اور بلاوجہ تاخیر کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا اور اچھا کام نہ کرنے والے افسران کی اے سی آر اچھی نہیں لکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مجرم کو سزا نہ مل جائے تب تک پولیس کا کام ختم نہیں ہوتا اس لئے افسران کئی سالوں سے زیر تفتیش مقدمات کو کھولیں اور زیرالتوا کیسز کو ذاتی دلچسپی لے کر حل کریں۔ انہوں نے صوبہ بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاون مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کی گرفتاری میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سپروائزری افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ ایسے ہائی پروفائل کیسز کی خود نگرانی کریں اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے  انویسٹی گیشن کے مراحل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے نتائج حاصل کریں۔  انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے اورانہیں منشیات کی لعنت سے بچانا ہمارا مشن ہے اس لئے منشیات فروشوں کے خلاف مہم میں زیرو ٹالرنس اپنائیں۔ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات خصوصا آئس، شیشہ، چرس اور دیگر ماڈرن منشیات کی خرید و فروخت کو سختی سے روکا جائے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے جو اس دھندے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے سپروائزی افسران کو ہدایات دیتے ہوئے مزید کہا کہ گاڑی و موٹر سائیکل چوری,مویشی چوری اور سٹریٹ کرائم کے واقعات کی روک تھام کے لیے خصوصی توجہ دی جائے اور کرائم پاکٹس کی نشاندہی کر کے وہاں انٹیلی جنس بیسڈآپریشنز تیز کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے علاقوں میں گشت کا سلسلہ مزید بڑھایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری و نجی املاک پر قبضے کرنے والے قبضہ مافیاز کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کیا جائے اورتمام اضلاع میں غیر رجسٹرڈ اسلحہ ڈیلرز اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں پٹرولنگ کو بڑھایا جائے اور گشت کرنے والی گاڑیوں کی ٹریکنگ کے زریعے مانیٹرنگ کی جائے۔یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ آر پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام ریجنل افسران کو جاری کیں۔ دوران کانفرنس امن و امان کی صورتحال اور جرائم کی روک تھام کے لیے تمام  افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں سکیورٹی کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز بڑھائے جائیں  اور خاص طور پر لاہور میں پی ایس ایل میچز کے حوالے سے سکیورٹی کے انتظامات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ  حساس مقامات، عبادت گاہوں، مدارس، مزارات اور تعلیمی اداروں کے سیکیورٹی انتظامات کا از سر نو جائزہ لیتے ہوئے سکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے اورتمام اضلاع میں حساس مقامات، غیر ملکی شہریوں اور اہم شخصیات کے سیکیورٹی پلان اور انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی اور اغواء برائے تاوان کے واقعات میں ملوث ملزمان کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور ایسے کیسز میں بلا وجہ تاخیر ثابت ہونے پر ذمہ دار افسر و اہلکار کے خلاف فورا محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی۔

(ہینڈ آؤٹ 83 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

Press Release Date: 
Monday, February 7, 2022