تھانوں میں ورک لوڈ کو توازن میں لانے کے لیے تفتیشی افسران کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب

تھانوں میں ورک لوڈ کو توازن میں لانے کے لیے تفتیشی افسران کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب
تفتیشی افسران کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ماڈرن تقاضوں کے مطابق ریفریشرکورسز کروائے جائیں۔ آئی جی پنجاب
مقدمات کی بہترین تفتیش سے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوانا ہی جرائم کنٹرول کا اصل فارمولاہے۔راؤ سردار علی خان  
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی زیر صدارت انویسٹی گیشن اور آپریشنز امور سے متعلق سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ شعبہ انویسٹی گیشن کی جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈیشن  اور تفتیشی امور کو جدید ٹیکنالوجی پر استوار کرتے ہوئے مزید بہتر بنانا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ تھانوں میں ورک لوڈ کو توازن میں لانے کے لیے تفتیشی افسران کی تعداد میں مقدمات کے تناسب سے اضافہ کیا جائے گا۔ راؤ سردار علی خان نے آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ آپریشنز کے ساتھ ساتھ شعبہ انویسٹی گیشن پرخصوصی توجہ اور وسائل کی فراہمی یقینی بنائیں اور پیشہ ورانہ امور کو ماڈرن پریکٹس کے مطابق سر انجام دیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تفتیشی افسران کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ماڈرن تقاضوں کے مطابق ریفریشرکورسز کروائے جائیں جبکہ تفتیشی افسران کو ہر مقدمہ پر خصوصی دلچسپی اور توجہ دینی چاہئے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ چالان کی بروقت تکمیل اورشہادتوں کو سائنسی انداز میں محفوظ کرکے پیش کرنے کی جدیدپیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی تاکہ تفتیشی افسران زیادہ بہتر انداز میں اپنے فرائض ادا کرسکیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ مقدمات کی بہترین تفتیش سے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوانا ہی جرائم کنٹرول کا اصل فارمولاہے اور پنجاب پولیس اس ضمن میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں انویسٹی گیشن اور آپریشنز امور سے متعلق سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسران بھرپور محنت اور جدید فرانزک سائنس کی معاونت سے اپنے فرائض سر انجام دیں تاکہ مجرمان کی بیخ کنی اورشہریوں کو انصاف کی فراہمی کا عمل تیز سے تیز تر ہوسکے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ صوبے کے ہر ریجن اور ضلع کے تھانوں میں درج ہونے والے مقدمات کے تناسب کے مطابق تفتیشی افسران کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تا کہ تفتیشی افسران پر مقدمات کا غیر اضافی بوجھ کم ہو اور وہ زیادہ بہتر انداز میں کیسز کے تفتیشی مراحل مکمل کرکے مجرمان کے گرد گھیرا تنگ کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ تمام اضلاع کے شعبہ انویسٹی گیشن کی کارکردگی کا جائزہ ماہانہ بنیادوں پرہونے والے اجلاس میں لیا جائے گا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز،ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(ہینڈ آؤٹ 71 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Wednesday, February 2, 2022