آئی جی پنجاب کا شاہرات پر ٹریفک بہاؤ کو برقرار رکھنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے ٹریفک پولیس کو خصوصی اقدامات کا حکم
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت۔۔
سال 2021 میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی سالانہ رپورٹ بھی جاری۔۔ مجموعی طور پر 2716983 چالان ٹکٹس جاری کی گئیں۔
ون ویلنگ، ون وے و دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کسی رعایت کے حقدار نہیں، آئی جی پنجاب
ٹریفک قوانین سے شہریوں کی آگاہی، حادثات کی روک تھام اور لائسنس کے باآسانی حصول بارے آگاہی مہم جاری رکھی جائے۔ راؤ سردار علی خان
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر ٹریفک پولیس پنجاب صوبے کے تمام اضلاع میں ٹریفک قوانین کی پاسداری اور حادثات کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو صوبہ بھر میں شاہرات پر ٹریفک بہاؤ کو برقرار رکھنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت ٹریفک مینجمنٹ پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک کے ہموار بہاؤ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی فراہم کرکے حادثات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ ون ویلنگ، ون وے و دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کسی رعایت کے حقدار نہیں جبکہ شاہرات پر زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے گذشتہ برس صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ہونے والے چالانوں کی تفصیلی رپورٹ بھی جاری کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں سال 2021 میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 2716983 چالان ٹکٹس جاری کی گئیں۔ بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے پر 556656 چالان کیے گئے، بغیر رجسٹریشن کے گاڑی چلانے پر 415834 چالان کیے گئے، بغیر روٹ پرمٹ کے گاڑی چلانے پر 42239 چالان کیے گئے، بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ کے گاڑی چلانے پر 16574 چالان کیے گئے، اوور لوڈنگ مال بردار گاڑیوں کے 411163 چالان کیے گئے، اوور لوڈنگ مسافر بردار گاڑیوں کے 43249 چالان کیے گئے، شاہرات کے غلط اطراف میں ڈرائیونگ کرنے پر 520337 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، پریشر ہارن کے استعمال پر 46699 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔ ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی پر 133484 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔۔ لاپرواہی اور خطرناک طریقے سے گاڑی چلانے پر 126251 چالان کیے گئے، مقررہ حد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تیز رفتاری سے گاڑی چلانے پر 100845 چالان کیے گئے، ممنوعہ علاقوں اور اوقات کار کی خلاف ورزی پر 128842 چالان کیے گئے جبکہ زیبرا کراسنگ، لائن اور لین سسٹم کی خلاف ورزی پر 174810 چالان کیے گئے، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ٹریفک قوانین سے شہریوں کی آگاہی، حادثات کی روک تھام اور لائسنس کے باآسانی حصول بارے آگاہی مہم جاری رکھی جائے گی۔
(ہینڈ آؤٹ 64 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************