آئی جی پنجاب کی زیر صدارت انارکلی دھماکہ کی تحقیقات کے حوالے سے سیف سٹی اتھارٹیز میں اعلیٰ سطحی اجلاس

آئی جی پنجاب کی زیر صدارت انارکلی دھماکہ کی تحقیقات کے حوالے سے سیف سٹی اتھارٹیز میں اعلیٰ سطحی اجلاس
آئی جی پنجاب نے انارکلی دھماکے کی تمام فوٹیجز کا جائزہ لیا، سیف سٹیز اتھارٹی، سی ٹی ڈی اور لاہور پولیس کے افسران نے بریفنگ دی۔
انار کلی دھماکے کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں سمیت تمام ملزمان کو بہت جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔راؤ سردار علی خان

 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ صوبے کا امن و امان خراب کرنے والے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور انار کلی دھماکے کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں سمیت تمام ملزمان کو بہت جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پنجاب پولیس افسوس ناک واقعہ میں شہید ہونے والے شہریوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں انصاف کی جلد از جلد فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ انار کلی دھماکے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جائے اورسیف سٹی کیمروں کی فوٹیجز، جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سمیت تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جلد از جلد مجرمان تک پہنچا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے آج سیف سٹی اتھارٹی قربان لائنز میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔ دوران اجلاس آئی جی پنجاب نے انارکلی دھماکے کی تمام فوٹیجز کا جائزہ لیا، اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹیز اتھارٹی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے آئی جی پنجاب کو ابتدائی تحقیقات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں لاہور پولیس، سی ٹی ڈی، سیف سٹی اتھارٹی،سپیشل برانچ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
مزید برآں آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے انار کلی دھماکے کے پیش نظر صوبہ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو اہم تنصیبات اور حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ عوامی مقامات پر ڈولفن، پیرو سمیت دیگر پیٹرولنگ فورسز کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بین الصوبائی اور بین الاضلاع چیک پوسٹوں پر چیکنگ کا عمل مزید موثر بنایا جائے اور تمام اضلاع میں سرچ، سوئپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو ہدایت کی کہ انار کلی واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات جلد مکمل کرکے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

(ہینڈ آؤٹ 50 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

Press Release Date: 
Thursday, January 20, 2022