آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا دورہ سرگودھا / آر پی او آفس میں اجلاس کی صدارت کے دوران ہدایات جاری کیں۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا دورہ سرگودھا /  آر پی او آفس میں اجلاس کی صدارت کے دوران ہدایات جاری کیں۔
آئی جی پنجاب نے سرگودھا ریجن کے شہدائے پولیس کی فیملیز سے ملاقات کی اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔
تھانوں میں آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور پولیس کا ہر جوان اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر ادا کرے۔ آئی جی پنجاب
خواتین اور بچوں پر تشدد، زیادتی اور اغواء کے واقعات پر زیروٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات کیے جائیں۔ راؤ سردار علی خان
جرائم کی شرح میں کمی لانے کے لیے ایف آئی آر کے اندراج کے ساتھ ساتھ انویسٹی گیشن کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب
پولیس ہال میں آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کے مسائل سنے اور حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔

 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ شہریوں کی بے لوث خدمت اور انکی جان و مال کی حفاظت پنجاب پولیس کا نصب العین ہے جس کیلئے تمام اہلکار و افسران بھرپود محنت، فرض شناسی اور پروفیشنلزم کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس اسٹیشن میں آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور پولیس کا ہر جوان اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر ادا کرے۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ جرائم کی شرح میں کمی لانے کے لیے ایف آئی کے اندراج کے ساتھ ساتھ انویسٹی گیشن کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں پہلے جزا اور پھر سزا کو یقینی بنایا جا رہا ہے، کرپٹ اہلکار و افسران کی پنجاب پولیس میں کوئی جگہ نہیں اور انہیں محکمہ سے نکال باہر کیا جائے گا۔ راؤ سردار علی خان نے تاکید کی کہ خواتین اور بچوں پر تشدد، زیادتی اور اغواء کے واقعات پر زیروٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات کیے جائیں اور مجرمان کو ہر صورت قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنا احتساب خود کرنا چاہئے اور محکمہ کی نیک نامی کیلئے ایمانداری اور خلوص نیت کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پولیس کا مثبت امیج بہتر کارکردگی سے مشروط ہے لہذا تمام یونٹس اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے آج سرگودھا کے دورے کے موقع پر آر پی او آفس میں اجلاس کی صدارت اور پولیس ہال میں اہلکاروں سے خطاب کے دوران جاری کیں۔۔۔

پولیس لائن سرگودھا پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کو سلامی پیش کی۔ آئی جی پنجاب نے یادگار شہداء پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آئی جی پنجاب نے سرگودھا ریجن کے شہدائے پولیس کی فیملیز سے ملاقات کی اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔ شہداء کی فیملیز سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ آپ سب مجھے اپنی فیملی کی طرح عزیز ہیں اور خوشی و غمی کے کسی موقع پر محکمہ آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔  انہوں نے کہا کہ شہداء پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں، فیملیز کی ویلفیئر کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ بعد ازاں  انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس نے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم سرگودھا کا افتتاح کیا،ریسورس مینجمنٹ سنٹراور انویسٹی گیشن سپورٹ یونٹ کا معائنہ کیاجبکہ موبائل خدمت مرکز محافظ سکواڈ کو چیک کیا۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او آفس میں سرگودھا ریجن کے تمام اضلاع کی کارکردگی بارے اجلاس کی صدارت کی جس میں آر پی او سرگودھا فیصل علی رانا نے آئی جی پنجاب کو ریجن کی کارگردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ تمام افسران مثالی کمانڈر کا کردار ادا کریں اور سمارٹ و کمیونٹی پولیسنگ کے مطابق شہریوں کی خدمت و حفاظت کے فرائض کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔۔ اجلاس میں ڈی پی او سرگودھا، ڈی پی او خوشاب، ڈی پی او میانوالی اور ڈی پی او بھکر سمیت دیگر اہم افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد آئی جی پنجاب نے پولیس ہال میں اہلکاروں کے مسائل سنیں اور حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔
آئی جی پنجاب نے خوشاب میں دس کروڑ تاوان کے لیے اغواء ہونے والے کمسن بچے کو انتہائی قلیل وقت میں بحفاظت بازیاب کروانے اور ملزمان کو گرفتار کروانے پر آر پی او فیصل رانا، ڈی پی او خوشاب اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔ اسی طرح آئی جی پنجاب نے سرگودھا، میانوالی اور بھکر پولیس کے افسران و اہلکاروں کواچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرنقد انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں

(ہینڈ آؤٹ 42 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

 

 

Press Release Date: 
Tuesday, January 18, 2022