آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا شہید اے ایس پی سلمان ایاز خان (ستارہ شجاعت) کو سولھویں یوم شہادت پر خراج تحسین
شہید اے ایس پی سلمان ایاز خان کی بہادری، فرض شناسی اور لازوال قربانی پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہے۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ شہید اے ایس پی سلمان ایاز خان(ستارہ شجاعت) جیسے بہادر افسران و اہلکار محکمہ پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں جنہوں نے عوام کی جان ومال کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے محکمہ کی عزت و وقار میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایس پی سلمان ایاز خان نے اغواء برائے تاوان کے ملزمان کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اوروفاقی حکومت نے فرض شناسی اور بہادری کی اعلی مثال قائم کرنے پر سلمان ایاز خان کو (ستارہ شجاعت) سے نوازا ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ شہید اے ایس پی سلمان ایاز خان(ستارہ شجاعت) کی شجاعت، فرض شناسی اور لازوال قربانی پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہے اور پاکستانی قوم سلمان ایاز خان جیسے بہادر شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
اے ایس پی سلمان ایاز خان کے سولہویں یوم شہادت کے موقع پر پنجاب پولیس کا خصوصی دستے نے آج خیبر پختونخواہ کے علاقے صوابی میں اے ایس پی سلمان ایاز خان شہید کی قبر پر سلامی پیش کی، افسران نے قبر پر پھولوں کی چادرچڑھائی اوراے ایس پی سلمان ایاز خان کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اے ایس پی سلمان ایاز خان شہید (ستارہ شجاعت) بطور ایس ڈی پی او صدرسرکل راولپنڈی تعینات تھے، 17جنوری 2006 کو آپ نے پولیس پارٹی کی قیادت کرتے ہوئے اغواء برائے تاوان کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کے علاقے کوہالہ خورد میں ریڈ کیا،ریڈ کے دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، آپ نے بطور لیڈر انتہائی جوانمردی سے فائرنگ کا مقابلہ کیا، دورا ن مقابلہ آپ کو سینے پر گولیاں لگیں اور آپ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے آپ کو آبائی علاقہ صوابی میں سپرد خاک کیا گیا ہے۔
(ہینڈ آؤٹ 40 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
