آئی جی پنجاب، راؤ سردار علی خان کا ہوٹل آئی اور ٹریول آئی سافٹ وئیرز کے موثر استعمال سے خطرناک اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کے گرد شکنجہ مزید سخت کرنے کا حکم
ہوٹل آئی اور ٹریول آئی سافٹ وئیرز کو تمام ہوٹلز اور بڑی ٹریول کمپنیز کے ورکنگ سسٹمز کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس
رواں سال کے پہلے دو ہفتوں کے دوران ہوٹل آئی اور ٹریول آئی کی مدد سے صوبہ بھر سے 117 جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور سے 53 مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ ہوٹل آئی اور ٹریول آئی سافٹ وئیرز کے موثر استعمال سے خطرناک اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کے گرد شکنجہ مزید سخت کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان دونوں جدید سافٹ وئیرز کو صوبے کے تمام اضلاع میں ہوٹلز، سرائے، قیام گاہوں، ٹریول اور ٹرانسپورٹ کمپنیز کے ورکنگ سسٹمز کے ساتھ منسلک کیا جائے تاکہ آنے جانے والے افراد کی نگرانی مزید بہتر ہو اور قانون شکنی کرنے والے ملزمان کی گرفتاریوں کا عمل مزید تیز ہوسکے۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز ہوٹل مالکان ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشن کے تعاون سے ہوٹل آئی اور ٹریول آئی سافٹ ویئرز کے استعمال کو ہرصورت یقینی بنائیں۔ انہوں بے کہا کہ اشتہاری مجرمان و عدالتی مفروروں کو قانون کے شکنجے میں لانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو جاری کیں۔۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے پہلے دو ہفتوں کے دوران ہوٹل آئی اور ٹریول آئی کی مدد سے صوبہ بھر سے 117 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جو قتل، اغواء، زنا بالجبر، چوری، چیک ڈس آنر، مالی فراڈ اور دیگر وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہورسے ہوٹل آئی اور ٹریول آئی کی مدد 53 مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت کے مطابق پنجاب بھر کے ہوٹلوں، قیام گاہوں اور سرائے میں ہوٹل آئی کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گرجرانوالہ سمیت تمام بڑے اور حساس شہروں میں چلنے والے ٹرانسپورٹر گروپس میں ٹریول آئی کا استعمال کیا جا رہا ہے اور مرحلہ وار پنجاب کے تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو ٹریول آئی کا حصہ بنایا جائے گا۔
(ہینڈ آؤٹ 36 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************