پنجاب پولیس تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر معاشرے میں عدم برداشت کے خاتمے اور کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ لیے کام کر رہی ہے۔
پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے50 طلباو طالبات انٹرن شپ کریں گے۔ آئی جی پنجاب
ایم او یو کے تحت گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں شہدائے پولیس کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر داخلہ دیا جائے گا۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میری مادر علمی ہے، تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر پولیس میں ریسرچ کے کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے پنجاب پولیس کی قربانیوں اور خدمات کو سراہا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ پنجاب پولیس تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر معاشرے میں عدم برداشت کے خاتمے اور کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ لیے کام کر رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کے ساتھ پنجاب پولیس اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے مابین ہونے والی مفاہمتی یادداشت(ایم او یو) پر دستخط کئے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے50 طلباو طالبات انٹرن شپ کریں گے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ 10 ہفتوں پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام میں طلباو طالبات کو انویسٹی گیشن، آپریشنز، لیگل سمیت مختلف برانچز میں لگایا جائے گاتاکہ وہ اپناریسرچ ورک مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس ورکنگ بارے عملی تجربہ بھی حاصل کرسکیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ایم او یو کے تحت گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں شہدائے پولیس کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر داخلہ دیا جائے گا۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میری مادر علمی ہے، تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر پولیس میں ریسرچ کے کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں کے طلباو طالبات کو پنجاب پولیس کے دفاتر میں انٹرن شپ کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ اس سے قبل پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام میں لمز، نسٹ اور پنجاب یونیورسٹی کے طلباء انٹرن شپ مکمل کر چکے ہیں جبکہ پنجاب پولیس مرحلہ وار صوبے کی تمام بڑی جامعات کے ساتھ ایم او یو کر رہی ہے جس کے تحت ان تعلیمی اداروں کے طلبا ء کو بھی پولیس دفاتر میں انٹرن شپ کا موقع دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس میں پنجاب پولیس اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے مابین انٹرن شپ پروگرام کے آغاز بارے انٹرن شپ کے حوالے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب پولیس کی جانب سے آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان اور وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
(ہینڈ آؤٹ 25 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

