سرگودھا میں اغواء برائے تاوان کا معاملہ/پولیس کی کامیاب کاروائی مغوی بازیاب
آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مغوی کی بحفاظت بازیابی کی ہدایت کی تھی۔ ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کے نوٹس پر سرگودھا پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے تاوان کیلئے اغواء ہونے والے شہری کو بحفاظت بازیاب کروالیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے واقعہ کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ روز اغواء ہونے والے شہری کی رہائی کیلئے آئی جی پنجاب نے فوری ایکشن کی ہدایت کی تھی جس پر سرگودھا پولیس نے ڈی پی او ڈاکٹر رضوان احمد کی زیر نگرانی میں آپریشن کو کامیابی سے سر انجام دیا۔
ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر رضوان احمد نے واقعہ کی تفصیلات بارے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ مسمی مزمل بعمر 26/27 سال کو اسلحہ کے زور پر چارکس نامعلوم افراد نے اس وقت اغواء کیا جب وہ پولٹری فارم پر جارہا تھا ملزمان نے مغوی کے بھائی سے رابطہ کرکے تاوان کا مطالبہ کیا۔ گذشتہ روز پولیس کو اطلاع ملی کہ مغوی اور ملزمان تھانہ جھال چکیاں کے علاقہ میں موجود ہیں جس پر خصوصی پلان تشکیل دیا گیا جس کے تحت پولیس نے ریڈ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کرد ی پولیس نے حق حفاظت خوداختیاری کے تحت ہوائی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا سلسلہ بند ہونے پر پولیس نے مغوی مزمل کو بازیاب کروا لیا جو کہ زنجیروں میں بندھا ہوا تھا جبکہ اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ملزم عرفان کو گرفتارکرلیا ملزم کے قبضہ سے تاوان کیلئے ادا کی گئی رقم 3لاکھ روپے بھی برآمدکرلی گئی ملزمان کے دیگر ساتھی جائے وقوعہ سے فرارہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کروائی گئی اور پولیس کو ہائی الرٹ کیا گیا۔ تھانہ کوٹ مومن کے علاقہ چک نمبر12پولیس پارٹی ناکہ بندی پر موجود تھی کہ موٹرسائیکل پر سواردو مسلح اشخاص آئے جن کو روکنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کردی اور باغ میں گھس گئے پولیس نے حق حفاظت خود اختیاری کے تحت ہوائی فائرنگ کی 20/25منٹ بعد فائرنگ کے اختتام پر دوران سرچ آپریشن نعش ملی جس کے بعد میں شناختی عامر شہزاد ولد عبدالستار سکنہ فروکہ تحصیل ساہیوال ہوئی جو کہ اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا ملزم سابقہ ریکارڈر اور اغواء برائے تاوان کے مقدمہ میں ملوث تھا۔ملزم کے پاس سے پولیس نے موٹرسائیکل، ایک لاکھ نقدی اور بندوق12بور رپیٹر قبضہ میں لے لی ہے۔ بقیہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیکر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
(ہینڈ آؤٹ 24 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************
