چیک فراڈ/ڈس اونر کے واقعات کی روک تھام کیلئے آئی جی پنجاب کی سرکاری و نجی بینکوں کے اشتراک سے شہریوں میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کے پنجاب بھر میں چیک فراڈ/چیک ڈس آنر کیسز میں اضافے کی روک تھام کے لیے خصوصی احکامات
معصوم شہریوں سے فراڈ کرنے والے اور چیک فراڈ میں ملوث عادی مجرمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان پنجاب پولیس
گذشتہ سال صوبہ بھر میں چیک فراڈ/چیک ڈس آنر کے 22171 مقدمات درج کئے گئے جن میں 8502 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
10367 مقدمات کے چالان مکمل، 1438 مقدمات خارج، 1539 مقدمات کے ملزمان بے قصور جبکہ 8827 مقدمات زیر تفتیش ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے صوبہ بھر میں چیک فراڈ/چیک ڈس آنر کیسز میں اضافے کی روک تھام کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ معصوم شہریوں سے فراڈ کرنے والے اور چیک فراڈ میں ملوث عادی مجرمان کسی رعائیت کے مستحق نہیں، لہذا ایسے جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ سرکاری و نجی بینکوں کے اشتراک سے شہریوں میں چیک فراڈ/ڈس اونر کی روک تھام کی آگاہی مہم چلائی جائے گی تاکہ ایسے جرائم میں ملوث پیشہ ور مجرمان کی کاروائیوں سے محفوظ رہ سکیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ سال صوبہ بھر میں چیک فراڈ/چیک ڈس آنر کے 22171 مقدمات درج کئے گئے جن میں 8502 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ 10367 مقدمات کے چالان مکمل، 1438 مقدمات خارج، 1539 مقدمات کے ملزمان بے قصور جبکہ 8827 مقدمات زیر تفتیش ہیں۔ صوبے کے تمام ریجنز میں اس حوالے سے ہونے والی کاروائیوں کی تفصیل بارے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور میں چیک فراڈ/چیک ڈس آنر کے 6449 مقدمات درج جبکہ 1823ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ شیخوپورہ ریجن میں 1038 مقدمات درج اور 483 ملزمان گرفتار، گوجرانوالہ ریجن میں 2593 مقدمات درج 1312 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ راولپنڈی ریجن میں 1356مقدمات درج اور 596ملزمان گرفتار جبکہ سرگودھا ریجن میں 1072مقدمات درج اور510ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ فیصل آباد ریجن میں 3471 مقدمات درج اور 1050ملزمان گرفتار جبکہ ملتان ریجن میں 1777مقدمات درج اور651 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ساہیوال ریجن میں 1690 مقدمات درج اور 683 ملزمان گرفتار جبکہ ڈی جی خان ریجن میں 1078مقدمات درج اور 454 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح بہاولپور ریجن میں 1647 مقدمات درج اور 940 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل ہے کہ اپنی چیک بک کا غلط استعمال نہ ہونے دیں، فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لین دین فراڈ اور چیک ڈس آنر کے معاملات میں فراڈ کرنے والوں کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کاروائیاں جاری رہیں گی۔
(ہینڈ آؤٹ 17 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************