اوکاڑہ/ قصور میں تین کم سن بیٹیوں کو قتل کرکے نہر میں پھینکنے والا سنگدل باپ گرفتار

اوکاڑہ/ قصور میں تین کم سن بیٹیوں کو قتل کرکے نہر میں پھینکنے والا سنگدل باپ گرفتار
مذکورہ ملزم نے چند روز قبل قصور کے علاقہ بگھیانہ میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل اور چار افراد کو زخمی بھی کیا تھا۔ ڈی پی او قصور محمد صہیب اشرف
ملزم نے دوران تفتیش اپنی تین بیٹیوں کو قتل کرکے نہر میں پھینکے کا اعتراف کیا۔ ڈی پی او قصور
ریسکیو آپریشن کے بعد آج سب سے چھوٹی بیٹی مشعل فاطمہ کی نعش نکال لی گئی جبکہ بقیہ دو کی تلاش جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس
آئی جی پنجاب کی گرفتار ملزم کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی ہدایت، معصوم بچیوں پر ظلم و زیادتی کرنے والا ملزم کسی رعائیت کا مستحق نہیں۔ راؤ سردار علی خان

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے قصور میں سنگدل باپ کی جانب  سے تین کم سن بچیوں کو قتل کرکے نہر میں پھینکنے کے افسوس ناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخو پورہ ریجن سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او قصور کو ہدایت کی ہے کہ گرفتار سفاک ملزم کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور تفتیش جلد از جلد مکمل کرنے کے بعد اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او قصور محمد صہیب اشرف نے بتایا کہ ملزم اسلم نے چند روز قبل قصور کے علاقہ بگھیانہ میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل اور چار افراد کو زخمی کیا تھا اور  قصور پولیس نے ملزم اسلم کو تین گھنٹوں کے خصوصی آپریشن کے بعد گرفتار کیا تھا۔ ڈی پی او قصور  کے مطابق ملزم کی اہلیہ کی درخواست پر جب اس سے تین بیٹیوں بارے دریافت کیا گیا تو دوران تفتیش ملزم نے اپنی تین بیٹیوں کو قتل کرکے نہر میں پھینکے کا اعتراف کیا جس پر فوری طور پر نہر میں ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات دیتے ہوئے مزید بتایا کہ پولیس کو نہر کنارے جائے واردارت پر سرچ آپریشن کے دوران بچیوں کے جوتے اور ٹوپیاں ملی تھیں اور آج سب سے چھوٹی بیٹی مشعل فاطمہ کی نعش بھی نہر سے نکال لی گئی ہے جبکہ باقی دو بچیوں کی ڈیڈ باڈیز کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی پی او قصور محمد صہیب اشرف ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور بچیوں کی تلاش کیلئے تمام دستیاب وسائل کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچیوں پر ظلم و زیادتی کرنے والا ملزم کسی رعائیت کا مستحق نہیں، تفتیش مکمل کرنے کے بعد اسے سخت سے سخت سزا دلائی جائے۔  

(ہینڈ آؤٹ 15 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

 

Press Release Date: 
Friday, January 7, 2022