آئی جی پنجاب کا یوم قائد، کرسمس اور ویک اینڈ پر پتنگ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

آئی جی پنجاب کا یوم قائد، کرسمس اور ویک اینڈ پر پتنگ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم
 لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر قانون شکن عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔ آئی جی پنجاب
 قائد ڈے اورکرسمس کے موقع پر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ راؤ سردار علی خان
 پتنگیں اور دھاتی ڈورکی خرید و فروحت کے علاوہ ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کو بھی فوری گرفتار کیا جائے۔ آئی جی پنجاب
 فیلڈ افسران یوم قائد اور کرسمس کے موقع پر سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ آئی جی پنجاب کی فیلڈ افسران کو ہدایت

 انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے صوبہ بھر کے فیلڈ افسران کو یوم قائد، کرسمس اور ویک اینڈ پر پتنگ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خوشیوں کے تہوار وں پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث منفی عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ فیلڈ افسران یوم قائد اور کرسمس کے موقع پر سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر قانون شکن عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پتنگیں اور دھاتی ڈور بنانے، خرید و فروحت کرنے اور استعمال کرنے والوں کے ساتھ ساتھ ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ جیسے خونی کھیل میں ملوث افراد کو بھی فوری گرفتار کیا جائے۔ قائد ڈے اور کرسمس کے موقع پر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جاسکے۔
پنجاب کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس کا بنیادی کام عوام کو تحفظ اور پرامن ماحول فراہم کرنا ہے جس کے لیے پنجاب پولیس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ پولیس اور عوام مل کر شرپسند عناصر کے خلاف متحد ہوں انہوں نے شہریوں سے گزارش کی کہ خوشیوں کے ان تہواروں کو خراب نہ ہونے دیں اور اپنے ارد گرد موجود قانون شکن عناصر کے خلاف فوری 15 پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ قانون شکن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے ڈالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کرسمس کے موقع پر گرجا گروں، مذہبی مقامات، پارکس اور پبلک مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں اور صوبہ بھر میں مرد و خواتین اہلکاروں کی بڑی تعداد سکیورٹی پر مامور کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حساس گرجا گھروں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی چیک پوسٹ بھی قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو حساس مقامات کے گردونواح میں پٹرولنگ فورسز کے گشت کو مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔

(ہینڈ آؤٹ 323 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

 

Press Release Date: 
Friday, December 24, 2021